کہیں دیپ جلے کی ’شامیلہ ‘ کے انٹرویو میں حیرت انگیز انکشافات
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں نازش جہانگیر کی صورت ایک نئے چہرے کا اضافہ ہوا ہے جنہوں نے آتے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حال ہی میں وہ کہیں دیپ جلے میں علی عباس، عمران اشرف اور نیلم منیر کے مد مقابل منفی کردار نبھا رہی ہیں، اس سے قبل وہ الف اللہ اور انسان ، تہمت، ٹھیس، کم ظرف اور میرے محسن جیسے ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے اپنی چھاپ چھوڑ چکی ہیں۔
اسلام آباد میں پیدا ہونے والی نازش جہانگیر نے اداکاری میں قدم رکھنے سے پہلے فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 2015 میں انور مقصور کے سٹیج ڈرامے سے کیریئر کا آغاز کیا اور کچھ عرصہ تھیٹر کرنے کے بعد 2017 میں ڈرامہ سیریل بھروسہ کے ذریعے ٹی وی پر ڈیبیو کیا۔
ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا کہ بہت سے لوگ یہ بات کرتے ہیں کہ انہیں شروع کے دنوں میں کاسٹنگ کاﺅچ اور ہراسانی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن ان کیلئے معاملات ٹھیک رہے۔ جیسے ہی انہوں نے انور مقصود کے ڈرامے میں کام کیا تو انہیں ٹی وی چینلز سے فون کالز آنا شروع ہوگئیں، انہیں اس قسم کے کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ آج کل ڈراموں میں عورت کو انتہائی مظلوم دکھایا جاتا ہے حالانکہ حقیقی زندگی میں خواتین بہت مضبوط ہوگئی ہیں۔ ذاتی طور پر انہیں رونے دھونے والی عورت کی بجائے ایک مضبوط لڑکی کا کردار نبھانا زیادہ پسند ہے۔
محسن عباس حیدر کی اپنی اہلیہ سے علیحدگی میں نازش جہانگیر کا نام بھی سامنے آیا تھا، اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی محسن اور فاطمہ دونوں کے ساتھ ہی دوستی کا رشتہ تھا، وہ اس جوڑے کے درمیان ہونے والے اندرونی معاملات سے بخوبی واقف ہیں لیکن محسن عباس حیدر کی درخواست پر خاموش ہیں۔
نازش جہانگیر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر گھریلو تشدد کے خلاف ہیں لیکن ہر روتی عورت سچی نہیں ہوتی ، کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اپنے معاملات میں بنا ثبوت کسی دوسرے شخص کو گھسیٹ کر اس کا کیریئر اور شخصیت تباہ کرنے کی کوشش کرے۔ ’ سارے ڈرامے کے بعد آپ کوئی بھی چیز عدالت میں پیش کیے بغیر ہی اپنی زندگی میں آگے بڑھ گئے، کوئی ایسا کیسے کرسکتا ہے؟ میں خود ایک عورت ہوں ، آخر میں ایک ایسے آدمی کی حمایت کیوں کروں گی جو کسی دوسری خاتون کو نقصان پہنچاتا ہو؟ کیا مجھے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے؟ لیکن اب لوگوں کو اس سارے ڈرامے کے اصل ایجنڈا کے بارے میں پتا چل گیا اور سچ سب کے سامنے آگیا ہے۔‘
نازش جہانگیر نے اپنے آئندہ پراجیکٹس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت جلد سونیا حسین کے ساتھ ایک ڈرامہ سیریل میں نظر آئیں گی ، وہ بہت جلد ’ لفنگے‘ فلم کے ذریعے بڑی سکرین پر بھی ڈیبیو کرنے جا رہی ہیں۔