پاناما لیکس کے بعد ایک اور دھماکہ، 4 لاکھ ’آف شور‘ کمپنیوں کے اصل مالکان کی معلومات سامنے آ گئیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سینیٹر رحمان ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ اور یورپ سے پانامہ لیکس کی طرح کی ایک اور لیکس بہت جلد پاکستان آ رہی ہیں جس کے باعث بہت سے پاکستانی مالکان بے نقاب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ” انگلینڈ اور یورپ سے بہت جلد پانامہ لیکس کی طرح کی لیکس پاکستان آ رہی ہیں۔ لندن کی ایک کارپوریٹ فرم سے لاکھوں دستاویزات لیک ہونے والی ہیں جو بہت جلد پاکستان بھی پہنچ جائیں گی۔بہت سے پاکستانی مالکان بے نقاب ہوں گی اور لیکس کی یہ ’قسط‘ بہت زوردار جھٹکا دے گی۔“
ایک ٹوئٹر صارف نے جب ان سے یہ پوچھا کہ آپ کو یہ سب کیسے معلوم ہے تو انہوں نے جواب دیا ”یورپین میڈیا سے نجی اور بااعتماد ذرائع سے معلوم ہوا ہے۔ دستاویزات رکھنے والوں نے پاکستان میں اس میڈیا ہاﺅس کا انتخاب بھی کر لیا ہے جس کے ذریعے یہ دستاویزات لیک کی جائیں گی، میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔“
ایک اور صارف نے ان سے پوچھا کہ یہ سچ ہے؟ کیا آپ گانٹی دیتے ہیں؟ تو رحمان ملک نے جواب دیا ”100 فیصد سچ ہے اور آپ جلد ہی اس بارے میں سنیں گے۔ میں یہ تصدیق کر سکتا ہوں کہ تقریباً 4 لاکھ کے قریب دستاویزات ہیں جو چرائی گئی ہیں اور مذکورہ کمپنی کے مالک نے دستاویزات چوری کیخلاف شکایت بھی درج کروا رکھی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ان دستاویزات میں پاکستانیوں سے متعلق بھی معلومات ہیں۔“