کیافیصل واوڈا کا ٹاک شو میں بوٹ لانا پہلے سے طے شدہ تھا ؟تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے بڑا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کارحفیظ اللہ نیازی نے کہاہے کہ وزیر اعظم نے فیصل واوڈا پر دوہفتوں کیلئے پابندی لگا کر ”گھونگلوﺅں“سے مٹی جھاڑی ، پروگرام میں بوٹ سے متعلق کاشف عباسی کی بات سن کر لگتا ہے کہ جیسے یہ پہلے سے طے شدہ بات تھی ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہاکہ وزیر اعظم نے فیصل واوڈا پر دوہفتوں کیلئے پابندی لگا کر ”گھونگلوﺅں“سے مٹی جھاڑی ہے ، کاشف عباسی کی بوٹ سے متعلق بات سن کر لگتا ہے کہ جیسے یہ پہلے سے طے شدہ بات تھی ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا علامتی طور پر بھی جوتے کی بات کرسکتے تھے لیکن دوتین باتیں ہیں جن میں پہلی یہ ہے کہ فیصل واوڈا نہیں بولتے بلکہ ان کے گلے میں بھگوان بولتا ہے جیسے نواز شریف کے بارے میں ضیاءالحق نے کہاتھا کہ ان کا کلہ بہت مضبوط ہے ، اسی طرح فیصل واوڈا کا کلہ بہت مضبو ط ہے ۔
حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ان پر جوپابندی لگی ہے بہت کم لگی ہے ، ان پر سخت پابندی لگنی چاہئے تھی ۔انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا کا یہ کہناکہ نواز شریف اورمریم نوازمعافی مانگیں پھر میں معافی مانگوں کا عذر گنا بدتر از گنا والی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ بوٹ لانے کے بعد فیصل واوڈا کوجو کوریج ملی ہے تو اس سے ان کواگلے ٹاک شومیں دو بوٹ لانے چاہئے ، یہ کام اگر امریکہ میں کیاہوتا تو کوئی ان کو نہ بلاتا لیکن جب سے وہ ٹاک ٹو میں بوٹ لائے ہیں ، ان کو میڈیا نے علامت بنایا ہوا ہے ۔