پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں امپائرنگ کے فرائض کون سرانجام دے گا؟ اعلان ہو گیا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں امپائرنگ کے فرائض کون سرانجام ...
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز میں امپائرنگ کے فرائض کون سرانجام دے گا؟ اعلان ہو گیا
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کے علیم ڈار اور احسن رضا پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراﺅنڈ پر کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2003ءمیں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور چھ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔
آئی سی سی کے ہر طرز کی کرکٹ سے متعلق عبوری ضوابط کے مطابق حالیہ لاجسٹک چیلنجز کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں تیسرے ملک کے میچ آفیشل کی تقرری سے متعلق شرط ختم ہوچکی ہے، تاہم آئی سی سی اب بھی اپنے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل میں موجود آفیشلز کی ہی تقرری کررہا ہے۔
دونوں ممالک کیلئے تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھی پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ میچ ریفری جاوید ملک ہی ہوں گے۔ علیم ڈار اور احسن رضا یہاں بھی پہلے میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ شوزب رضا ٹی وی امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے۔
دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کیلئے شوزب رضا اور آصف یعقوب کو آن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضااور راشد ریاض کو بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر ز مقرر کیا گیا ہے۔ آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کیلئے علیم ڈار اور راشد ریاض کی بطور آن فیلڈ امپائرز جبکہ احسن رضا اور شوزب رضا کی بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائرز تقرری کی گئی ہے۔

مزید :

کھیل -