چین میں آئس کریم کے ڈبوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، حکومت نے متاثرین کی تلاش شروع کردی

چین میں آئس کریم کے ڈبوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، حکومت نے متاثرین کی تلاش ...
چین میں آئس کریم کے ڈبوں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، حکومت نے متاثرین کی تلاش شروع کردی

  

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں آئس کریم کے 4800سے زائد ڈبوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر ہلچل مچ گئی اور متاثرہ افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق تیان جن میونسپلٹی میں آئس کریم کے ان ڈبوں سے تین نمونے لے کر ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے تھے، ان تینوں کے نتائج ہی مثبت آئے، جس کے بعد ہر اس شخص کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جس کاان ڈبوں کے ساتھ کسی بھی طرح تعلق رہا۔ 

رپورٹ کے مطابق آئس کریم کے یہ باکس ایک مقامی فیکٹری تیان جن داچیاڈاﺅ فوڈ کمپنی کے تیار کردہ ہے چنانچہ اس فیکٹری کے تمام 1ہزار 662ملازمین کوقرنطینہ میں جانے کا حکم دیتے ہوئے ان کے کورونا ٹیسٹ شروع کر دیئے گئے ہیں۔ ان ڈبوں میں سے 1ہزار 812ابھی تک فیکٹری کے سٹوریج میں تھے جنہیں وہیں سیل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ باقی ملک کے دیگر صوبوں میں بھیجے جا چکے تھے اور مقامی مارکیٹوں میں پہنچ چکے تھے۔ تاہم ان میں سے ابھی 65ہی فروخت ہوئے تھے، باقی ڈبے دکانوں سے واپس اٹھائے جا رہے ہیں اور ہر اس شخص کو قرنطینہ میں جانے اور کورونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے جو ان ڈبوں کی نقل و حمل اور خریدوفروخت میں کسی بھی طور شامل رہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -