بل گیٹس امریکہ کے سب سے بڑے زمیندار بن گئے، کل کتنی زرعی اراضی اکٹھی کرلی؟ جواب تمام اندازوں سے زیادہ
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس دولت کے لحاظ سے تو اب دنیا میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں لیکن زرعی زمین کے حوالے سے وہ امریکہ میں پہلے نمبر پر ہیں اور ان کے پاس اتنی زرعی زمین ہے کہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق بل گیٹس اس وقت امریکہ کے سب سے بڑے زمیندار ہیں جن کے پاس امریکہ کی 18ریاستوں میں مجموعی طور پر 2لاکھ 42ہزار ایکڑ اراضی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر زرعی اور دیگر اقسام کی تمام اراضی جمع کی جائے تو بل گیٹس مجموعی طور پر 2لاکھ 68ہزار 984ایکڑ اراضی کے مالک ہیں، جس میں فینکس، ایریزونا کے مضافات میں واقع ان کا وسیع رقبہ بھی ہے جسے وہ ’سمارٹ سٹی‘ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ہر طرح کی زمین کے حوالے سے جان میلون امریکہ میں پہلے نمبر پر ہیں جو 22لاکھ ایکڑ اراضی کے مالک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ بات تاحال کوئی نہیں جانتا کہ بل گیٹس نے زرعی اراضی میں زیادہ سرمایہ کاری کیوں کی؟