سام سنگ نے گلیکسی S21 لانچ کردیا، اس میں کون کونسے نئے فیچرز ہیں؟ آپ بھی جانئے
سیﺅل(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے گلیکسی ایس 21، ایس 21پلس اور ایس 21الٹرا متعارف کروا دیئے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق ایس 21میں 6.2انچ اور ایس 21پلس میں 6.7انچ کا تقریباً بیزل لیس فل ایچ ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے۔ دونوں فونز کے ڈسپلے میں ایک الٹرا سونک فنگرپرنٹ سنسر دیا گیا ہے۔ ان میں کوالکوم سنیپ ڈریگن888یا سام سنگ کا اپنا ایکسینوس 2100پروسیسرز (مختلف ممالک میں پروسیسر مختلف ہو گا)دیئے گئے ہیں۔
گلیکسی ایس 21میں 4ہزار ایم اے ایچ جبکہ ایس 21پلس میں 4800ایم اے ایچ بیٹری نصب کی گئی ہے جو فاسٹ چارجنگ سپورٹ کی حامل ہے۔ ان میں وائرلیس چارجنگ اور ریورس چارجنگ سپورٹ بھی موجود ہے۔ ان دونوں ماڈلز میں 8جی بی ریم اور 128سے 256جی بی سٹوریج دی گئی ہے جبکہ اس بار کمپنی کی طرف سے مائیکروایس ڈی کارڈ سلاٹ نہیں دی گئی۔ دونوں فونز میں بیک پر تین کیمرے دیئے گئے ہیں۔ اس سیٹ اپ میں مین کیمرا 12میگا پکسل سنسر کے ساتھ ہے جو لارج 1.8یو ایم پکسل اور ڈوئل پکسل اے ایف کے ساتھ ہے۔ دوسرا 12میگاپکسل الٹراوائیڈ اینگل کیمرا 120فیلڈ آف ویو کے ساتھ ہے۔ تیسراکیمرا 64میگا پکسل ہے۔ دونوں میں 10میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
گلیکسی ایس 21کی قیمت 800ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 28ہزار پاکستانی روپے) جبکہ گلیکسی ایس 21پلس کی قیمت ایک ہزار ڈالر (تقریباً 1لاکھ 60ہزار روپے)سے شروع ہو گی۔ اس قیمت کے ساتھ یہ ماڈلز گزشتہ سال کے ایس 20اور ایس 20پلس کی نسبت 200ڈالر سے زائد سستے ہیں۔ گلیکسی ایس 21اور ایس 21پلس پیشگی آرڈر میں 15جنوری سے دستیاب ہوں گے اور 29جنوری کو صارفین کو مل سکیں گے۔