ریپ کی سزا سے بچنے کیلئے اپنی موت کا ڈرامہ رچانے والا امریکی شہری کس ملک سے پکڑا گیا؟
گلاسگو (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست روڈ آئی لینڈ میں ریپ کے کیس میں سزا سے بچنے کیلئے اپنی موت کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والا شخص سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو سے اس وقت پکڑا گیا جب اسے کورونا وائرس کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ۔
روڈ آئی لینڈ سٹیٹ پولیس کے میجر رابرٹ کریمر کے مطابق ملزم نکولس الاورڈیان کو کورونا وائرس کی وجہ سے گلاسگو کے ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں رکھا گیا تھا۔ ملزم سنہ 2008 سے امریکی ریاست یوٹاہ میں ریپ کے کیس میں مطلوب ہے اور اس کے انٹرپول نے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق سنہ 2008 میں نکولس نے یوٹاہ میں ایک خاتون سے تعلق بنایا لیکن جلد ہی دونوں میں بریک اپ ہوگیا۔ اس کے بعد ملزم نے خاتون کو جنسی ہراساں کیا ۔ ملزم عدالتی کارروائی سے بچنے کیلئے امریکہ سے فرار ہوگیا اور اتنے سالوں تک گمنام ہی رہا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے پکڑا گیا۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں بھی ملزم کی شناخت کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد اسے کسی بھی وقت امریکہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔