شاداب خان نے اعظم خان کی فٹنس کو اپنا ہدف بنالیا

شاداب خان نے اعظم خان کی فٹنس کو اپنا ہدف بنالیا
شاداب خان نے اعظم خان کی فٹنس کو اپنا ہدف بنالیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹیم میں شامل نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کو فٹ کرانا اپنا ہدف بنا لیا اور وہ کہتے ہیں کہ اعظم میں کافی ٹیلنٹ ہے، اگر وہ فٹنس پر کام کرلے تو کافی نام روشن کرے گا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں قومی آل راونڈر نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پر جوش ہیں، کوشش ہوگی کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم اس ایونٹ میں بھی اچھا کھیل پیش کرےاورتیسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ کاٹائٹل اپنے نام کرے۔شاداب خان نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشن میں بھی ٹیم اچھا کھیلی لیکن ٹورنامنٹ کا اختتام فتح کے ساتھ نہیں کرسکی، امید ہے کہ اس بار ایک قدم بہتر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کی کور ٹیم برقرار ہے اور ہر اچھی ٹیم ایسا ہی کرتی ہے، ٹیم میں جو نئے کھلاڑی آئے ہیں وہ بھی اچھے ہیں اور جارح مزاجی کی اسلام آباد یونائٹیڈ کی سوچ کے مطابق پرفارم کرتے ہیں کیوں کہ آج کل کی کرکٹ میں ہٹرز کی کافی اہمیت ہے۔

ٹیم میں شامل نوجوان وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان پر بات کرتے ہوئے شاداب نے کہا کہ اعظم کے ٹیلنٹ پر کسی کو شک نہیں، اس نے ماضی میں بھی پرفارم کیا ہے، امید ہے اس بار بھی پرفارم کریں گے، ٹیم میں اس کی فٹنس پر بھی کام کرنے کی کوشش کریں گے، اعظم میں سارا ٹیلنٹ موجود ہے بس فٹنس کا ایشو ہے اور وہ خود بھی اس پر محنت کررہا ہے، اگر اعظم کا فٹنس کا مسئلہ حل ہوجائے تو وہ بہت نام روش کرسکتا ہے۔ایک سوال پر اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں شامل ایمرجنگ پلیئرز خوش قسمت ہوتے ہیں کہ انہیں جلد ہی پاکستان سے کھیلنے کا موقع مل جاتا ہے، اس بار بھی ہریرہ، ذیشان ضمیر اور مصبر خان ٹیم میں شامل ہیں، امید ہے کہ اس بار بھی اسلام آباد کی ٹیم ایمرجنگ پلیئر پاکستان کو دینے کی روایت برقرار رکھے گی۔ شاداب نے کہا کہ وہ خود بھی بطور ایمرجنگ پلیئر اس ٹیم میں آئے تھے اور آج اس ٹیم کے ہی کپتان ہیں ، ایسا کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

مزید :

کھیل -