میں کسی سے نہیں ڈرتا،ٹیکس نیٹ میں آنیوالے ہر شخص کو ٹیکس دینا ہوگا:وزیر خزانہ
لاہور (لیڈی رپورٹر)میری زندگی کا مقصد پاکستان کو دنیا میں قابل عزت مقام دلوانا اور غریب عوام کی فلاح وبہبو د ہے۔ پاکستان کواقتصادی لحاظ سے اتنا مستحکم بنانا چاہتا ہوں کہ اسے آئی ایم ایف یا دوست ممالک کی امداد کی ضروت ہی نہ پڑے۔ ٹیکس نیٹ میں آنیوالے ہر فرد کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن و سابق چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کی چھٹی برسی کے سلسلے میں منعقدہ محفل قرآن خوانی کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ شوکت ترین نے اپنے خطاب میں کہا یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جو انسان اس دنیا میں آیا اس نے جانا بھی ہے۔میرے والد کرنل(ر) جمشید احمد ترین سچے مسلمان اور پکے پاکستانی تھے۔انہوں نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ وہ قائداعظمؒکے سپاہی تھے اور ان کیخلاف کوئی بات سننا گوارا نہیں کرتے تھے۔میرے والد پاکستان کو قائداعظمؒ کی خواہشات کے مطابق ایک مثالی اسلامی ریاست بنانے کیلئے کوشاں رہے اور میں بھی ان کے مشن کو جاری رکھوں گا۔ میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا ہوں اور ٹیکس نیٹ میں آنیوالے ہر شخص کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ قابل ٹیکس آمدنی پر ہر صورت ٹیکس وصول کیا جائے گا۔میاں فاروق الطاف نے کہا کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نفیس انسان اورہر ایک کا خیال رکھتے تھے۔وہ خوش لباس اور خوش اخلاق شخص تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نڈر، صاف گو اور بے باک انسان تھے۔ آپ اْن خوش بخت لوگوں میں سے تھے جنہیں بابائے قوم سے شرفِ ملاقات حاصل تھا۔
شوکت ترین