نور مقدم کے والد کا عدالت سے ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مقامی عدالت میں مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت علی مقدم نے بیٹی کے قتل کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔عدالت کے سامنے اپنے بیان میں مزید کہا میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، میری بیٹی کو ناحق قتل کیا گیا، نور مقدم نہیں سارے ملک کی بیٹیوں کا سوال ہے اسلئے ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے مقدمے کی سماعت کی جبکہ نور مقدم کیس میں مدعی شوکت مقدم کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔مرکزی ملزم کے وکیل اسٹیٹ کونسل سکندر ذوالقرنین سلیم کے علاوہ تمام وکلا نے جرح مکمل کر لی جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر عبد الستار خان کو پیر کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔ مرکزی ملزم کے وکیل اسٹیٹ کونسل سکندر ذوالقرنین سلیم بیماری کے باعث پیش نہ ہوسکے ہوئے اور دوران سماعت سکندر ذوالقرنین کے جونیئر وکیل نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا سکندر ذوالقرنین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق بتایا اور ان کو جرح کرنے کیلئے آئندہ سماعت تک مہلت کی استدعا کی۔جس کو پہلے تو عدالت نے تسلیم نہیں کیا لیکن بعد ازاں پیر تک مہلت دیدی علاوہ ازیں دوران سماعت بیان ریکارڈ کروانے سے قبل شوکت علی مقدم سے حلف لیا گیا۔
نور مقدم والد