شادی کی تقریب کےد وران فائرنگ، پولیس اہلکار سمیت دو سگے بھائی جاں بحق
لاہور (ویب ڈیسک) نصیر آباد کے علاقے میں شادی کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے، جن میں سے ایک پولیس کانسٹیبل بھی تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ماجد اور جاوید کے ناموں سے ہوئی۔آپریشنز ونگ کے مطابق مقتول ماجد پولیس کے محکمہ اے وی ایل ایس میں بطور کانسٹیبل تعینات تھا۔ دونوں بھائیوں کو فائرنگ کے بعد لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد آئی جی پنجاب نے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دو بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او فیاض احمد سے رپورٹ طلب کی۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہوائی فائرنگ جیسے خونی کھیل آپ کی خوشیوں کو غم میں تبدیل کر دیتے ہیں، شہریوں سے گزارش ہے کہ ایسے قانون شکن عناصر کو اپنی خوشیوں کی تقریبات میں مدعو نہ کیا کریں‘۔
انہوں نے اپیل کی کہ شہری اپنے اردگرد ہوائی فائرنگ جیسے واقعات دیکھیں تو فوری 15 پر پولیس کو اطلاع دیں۔