'اگر میں مری نہ جاتا تو و ہاں 40اموات ہو جاتیں، شیخ رشید کا حیران کن بیان
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آ ن لائن)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگرمیں مری نہ جاتا تو وہاں 23 کی جگہ 30، 40 ہلاکتیں ہو جاتیں، مری میں رینجرز کو اس لیے طلب کیا کیونکہ کوئی پولیس کی بات نہیں سن رہا تھا۔
آئی ایم ایف کے پاس جانے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے پاس پہلی بار نہیں گیا، آئی ایم ایف کی سختی اس وجہ سے زیادہ ہوئی کیونکہ خزانے پر بوجھ زیادہ تھا۔نواز شریف سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا جو بیمار ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں میرا تجربہ ہے کہ وہ بیمار ہو جاتے ہیں، بہت سے سیاستدان دیکھے ہیں جو اپنی دھرتی میں مرتے ہیں، اپنی دھرتی کی جیل کو سسرال سمجھتے ہیں، کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اب تو ڈھیل بھی نہیں ہو رہی۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں مولانا فضل الرحمان کا نام احترام سے ہی لیتا رہوں گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ اگلے دو تین ماہ بہت اہم ہیں، اپریل کے بعد حالات ٹھیک ہو جائیں گے، مجھے اپوزیشن کوئی ٹف ٹائم دیتی نظر نہیں آتی۔اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دو کی جگہ تین مارچ کر لیں کچھ نہیں ہو گا، پہلے بھی اپوزیشن کے لیے راستے کھلے تھے اور اب بھی آئے تو راستے کھلے ہوں گے، اپوزیشن نے کوئی ایسا کام نہ کیا تو راستے کھلے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول دنیا بھر میں مہنگا ہے لیکن ہمارا مسئلہ مہنگائی کا ہے، مہنگائی کے مسئلے کو عمران خان اپریل مئی میں حل کر دیں گے، اپوزیشن کو شکست ہو گی اور عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
شہباز شریف کی جانب سے خود کو عمران خان کے لیے ڈراؤنا خواب کہنے سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف عمران خان کا سہانہ خواب ہیں، یہ بزدلوں کا گروہ ہے جو پیسے بنانے کے لیے سیاست کرتے رہے ہیں۔