ویرات کوہلی کے کپتانی چھوڑنے کے اعلان پر انوشکا شرما نے اپنے جذبات کا اظہار کردیا
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ اور اداکارہ انوشکا شرما نےاپنے شوہر کے کپتانی سے استعفے کے اعلان پر اپنے جذبات کا اظہار کردیا ۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر کوہلی کے نام پیغام میں لکھامجھے سنہ 2014 کا وہ دن یاد ہے جب آپ نے مجھے بتایا کہ مہیندر سنگھ دھونی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آپ کو کپتان بنایا جا رہا ہے۔
مجھے یاد ہے کہ اس دن جب مہیندر سنگھ، آپ اور میں بات چیت کر رہے تھے تو انہوں (دھونی) نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ کیسے آپ کی داڑھی اب جلدی سفید ہونے لگے گی۔ ہم سب اس بارے میں بہت ہنسے تھے لیکن اس دن کے بعد سے میں نے صرف آپ کی داڑھی کو سفید ہوتے نہیں دیکھا۔ میں نے ترقی دیکھی۔ بہت زیادہ ترقی، آپ میں اور آپ کے اردگرد۔ اور ہاں میں انڈین کرکٹ ٹیم کی حیثیت سے آپ کی ترقی اور آپ کی قیادت میں ٹیم کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہوں لیکن میں اس سے بھی زیادہ آپ کے اندر آنے والی بہتری پر فخر محسوس کرتی ہوں۔
انوشکا نے کہا کہ 'آپ نے ایسے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا جو صرف میدان میں نہیں تھے لیکن یہ زندگی ہے، یہ آپ کا ان جگہوں پر امتحان لیتی ہے جہاں آپ کو اس کی توقع نہیں بلکہ زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ آپ نے اپنے اچھے ارداوں کی راہ میں کسی چیز کو حائل نہیں ہونے دیا۔ان کاکہنا تھا کہآپ نے آگے بڑھنے کی مثال قائم کی اور میدان میں اپنی تمام تر توانائی اس حد تک صرف کی کہ کچھ شکستوں کے بعد آپ کی آنکھوں میں آنسو تھے اور میں آپ کے ساتھ بیٹھی تھی۔ آپ نے اس وقت بھی یہی سوچا کہ کیا آپ اس سے زیادہ بھی کچھ کر سکتے تھے۔آپ ایسے ہیں اور آپ سب سے یہی توقع کرتے ہیں۔ آپ نے کبھی بھی لالچ نہیں کیا اس عہدے کے لیے بھی نہیں۔ مسلسل کوشش کرتے رہنے کی یہی صفت آپ کو میری اور آپ کے چاہنے والوں کی نظروں میں عمدہ بناتی ہے۔انوشکا نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان کے حیثیت سے ان سات برسوں میں آپ نے جو سیکھا، ہماری بیٹی اس کو دیکھے گی۔ آپ نے بہت اچھا کیا۔
View this post on Instagram