خواجہ آصف کے وزیراعظم پر تابڑ توڑ حملے ، لفظوں کی گولہ باری میں سنگین الزام عائد کردیئے

خواجہ آصف کے وزیراعظم پر تابڑ توڑ حملے ، لفظوں کی گولہ باری میں سنگین الزام ...
خواجہ آصف کے وزیراعظم پر تابڑ توڑ حملے ، لفظوں کی گولہ باری میں سنگین الزام عائد کردیئے
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ءخواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آج سے ساڑھے تین سال قبل عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا،اسی ڈاکے کے نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے، انکو اقتدار میں لانے والے بھی اپنے ہاتھوں کو کاٹ رہے ہیں،پاکستان کے طول و عرض میں لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، قاتل بجٹ کو روکنے کی بہت کوشش کی، بجٹ پاس ہونے کے چند گھنٹوں میں بجلی، تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں،عمران خان کو فنانس کرنے والے لوگ پوری قوم سے قیمت وصول کر رہے ہیں،عمران خان نے اپنے فنانسروں کو قوم کو لوٹنے کی کھلی چھٹی دی ہوئی ہے، ملکی حالات وقت کے ساتھ ساتھ گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آج ملک و ملت اور 22 کروڑ عوام کی کوئی حیثیت نہیں ہے، یہ ساڑھے تین سال کا جو عرصہ گزرا ہے انکا بہت جلد اختتام ہو جائے گا، نواز شریف کا بیانیہ کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب ہے کہ قانون کی حکمرانی ہو،چور دروازوں سے قانون کی خلاف ورزی کرکے اقتدار میں آنے والوں کی مثال عمران خان ہے، آج عمران خان ہمارا اس لئے حکمران ہے کیونکہ ہم اپنے مقاصد سے ہٹ چکے ہیں ،ہمارے ملک میں غربا اور اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے ،وہ سب کے سامنے ہے، ہر الیکشن میں ہمارے حقوق اور ووٹوں کو چوری کر لیا جاتا ہے لیکن اس دفعہ ہم اپنے مینڈیٹ کا دفاع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا دور ترقی کا دور تھا، لوگ خوشحال تھے لیکن نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کر دیا،جولائی 2018 ءمیں جو ہوا آج ہمارا بچہ بچہ اس کی قیمت ادا کر رہاہے، عمران خان کہتا تھا کہ قرض نہیں لوں گا خودکشی کر لوں گا،آج ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لئے گئے لیکن اب خودکشی کرنے کے لئے غیرت کی ضرورت ہے، عمران خان میرے لیڈران پر الزام لگاتا تھا کہ ٹی ٹی لگواتے ہیں، آج اس کے ملازمین اس جھمیلے میں پھنس رہے ہیں،قومی احتساب بیورو( نیب) کو اس کے معاملات بھی دیکھنے چاہیں، حکومتی پارٹی میں بہت زیادہ دڑاریں پڑ چکی ہیں،پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے لوگ بھی عمران خان کی جان کو رو رہے ہیں،اللہ کا شکر ہے ساڑھے تین سال میں ہی انکا اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے۔