حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا،میاں نعیم الدین
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین نے کہا ہے کہ بے حس حکمرانوں نے عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے،غریب لوگ آٹے کی خاطر در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبو رہیں جبکہ عوام خون پسینے کی کمائی سے جو ٹیکس ادا کرتے ہیں ان اربوں روپے سے حکمران طبقہ شاہانہ پروٹوکول انجوائے کر رہا ہے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیس اینڈ جسٹس سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین میاں نعیم الدین کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپنی لڑائی میں گندم کا مصنوعی بحران پیدا کر کے ملک بھر کے غریب لوگوں کو عوام کوآٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں کھڑا کر دیا، لوگ ایک آٹے کے تھیلے کیلئے ترس رہے ہیں، ذخیرہ اندوز اور مافیا اربوں کما رہے ہیں۔ میاں نعیم الدین کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اندر مافیاز موجود ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی چینی، ادویات، پیٹرول کے مصنوعی بحران پیدا کیے،یہ سیاسی و معاشی دہشت گرد ہیں، ملک میں سیاسی افراتفری، آئینی و معاشی بحران تمام سیاستدانوں کی بیڈگورننس، نااہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔