سیاستدانوں کومذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں،فرحان شہزاد
لاہور(پ ر)پنجاب بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین فرحان شہزاد نے کہا ہے کہ سیاستدانوں سے اپیل ہے کہ وہ 22کروڑ سے زائد آبادی والے ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کے موجودہ گھمبیر حالات اور مستقبل کے بارے میں سوچیں،سیاستدانوں کو بات چیت اور مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں، انتخابات کیلئے آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھا جائے۔ اپنے بیان میں فرحان شہزاد نے کہا کہ سیاستدانوں کو اس بات کو پیش نظر رکھنا چاہیے کہ ایک دوسرے کو گرانے کی کوششوں میں کہیں ملک کا نقصان تو نہیں ہو رہا۔ اگر پاکستان ہے تو سب کی سیاست اور حکومتیں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی صورتحال اورعالمی سطح پر دشمن قوتیں اس درپے پر ہیں کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہر طرح سے کمزور ہو اور وہ اس پر جھپٹ سکیں۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے اتفاق رائے سے احتساب کے ایسے نظام کی بنیاد رکھی جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔بد قسمتی سے آج تک ملک میں نظام اور اداروں کی اصلاح کیلئے کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ سیاستدانوں سمیت سب کو اپنا اپنا احتساب کرنا ہوگا اور اپنی کمی کوتاہیوں کو تسلیم کر کے ملک کی خاطر ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔