ماڈل بازاروں میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن، غیرقانونی اڈے مسمار
لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے نو منتخب ڈائریکٹر حماد نیازی کا تجاوزات کے خلاف ایکشن کا سلسلہ جاری۔ پنجاب بھر میں ماڈل بازاروں کے باہر غیرقانونی اڈے مسمار کر کے سامان ضبط کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ماڈل بازار حماد نیازی نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے مینجرز کو متحرک کر دیا، لاہور کے 10 ماڈل بازار جن میں وحدت کالونی، چوہنگ، میاں پلازہ، ٹاؤن شپ،ٹھوکر، رائے ونڈ چائینہ سکیم، شیر شاہ، ہربنس پورہ ماڈل بازاروں میں آپریشن کیا۔ انکروچمنٹ کی بھر مار سے بازار کا ماحول خراب تھا۔ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے درجنوں اہلکاروں سمیت ایم سی ایل اور پولیس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات کنندگان کا سامان کا سامان ضبط کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ماڈل بازار میں دکان داروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔غیرقانونی قائم اڈوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر تھی جبکہ سبزیوں اور پھلوں کی اوور چارجنگ بھی عروج پر تھی، تجاوزات کے خلاف آپریشن پر عوام نے سکھ کا سانس لیا۔ دریں اثناء سی ای او ماڈل بازار احمد ایاز نے بھی سبزہ زار اور فیصل آباد ماڈل بازاروں کا دورہ کیا اور بہترین انتظامات پر انتظامیہ کو شاباش دی، جبکہ مینجرز کو ہدایت جاری کر دی کہ مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے عوامی شکایت کو اولین ترجیح پر حل کیا جائے۔