محتسب پنجاب کے حکم پر 16 جونئیر کلرکوں کومختلف محکموں میں ملازمت مل گئی
لاہور(نمائندہ خصوصی)محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پرمختلف شہروں کے20 افراد کو پنجاب سول سرونٹس (تقرری و شرائط ملازمت) رولز مجریہ 1974ء کے قاعدہ 17 اے کے تحت سرکاری محکموں میں باقاعدہ ملازمتیں فراہم کر دی گئی ہیں۔یہاں جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ قاعدہ 17 اے کے تحت ضلعی تعلیمی اتھارٹی لاہور میں 11 ویں سکیل میں جونیئرکلرک بھرتی ہونے کے خواہشمند محمد ارسلان کی درخواست کی سماعت کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ تعلیمی اتھارٹی کے ماتحت قاعدہ 17 اے کے تحت 31درخواستیں زیرغور ہیں۔ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر تعلیمی اتھارٹی کے زیر انتظام منعقدہ ٹائپنگ و قابلیت جانچنے کے امتحان میں کامیابی کے بعد 16 اہل امیدواروں کو جونیئرکلرک بھرتی کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے مختلف شکایات پر کارروائی کے نتیجے میں محکمہ ماہی پروری بھکر نے محمد اعظم کوجونیئرکلرک جبکہ ذیشان احمد کو ڈائریکٹر فشریز ایکوا پنجاب لاہور میں پانچویں سکیل میں ڈرائیور بھرتی کیاگیا ہے۔اس دوران دفتر محتسب پنجاب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ انہار نے اوکاڑہ کے اللہ دتہ کو بیلدار تعینات کر دیا ہیجبکہ خوشاب کی درخواست گزار شمیم اختر کے بیٹے کو نائب قاصد بھرتی کیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر یونیورسٹی آف نارووال نے ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمیکس اینڈ کوآرڈنیشن کی 19ویں سکیل کی آسامی پر تقرری کے عمل کا ازسرنوجائزہ لیتے ہوئے متبادل امیدوار حسن عبداللہ کو تعینات کر دیا ہے۔درخواست گزار افراد نے قانونی حق کی فراہمی پر دفتر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔