پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کی ضرورت ہے: کارپٹ مینو فیکچرز

پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ کی ضرورت ہے: کارپٹ مینو فیکچرز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


             لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ”ڈومو ٹیکس“جیسی عالمی نمائش پاکستانی مصنوعات کی موثر مارکیٹنگ اور برآمدات کے فروغ کا بڑا ذریعہ ہے لیکن بد قسمتی سے ہم ایسے مواقعوں سے اس طرح استفادہ نہیں کر سکے جس کی ہماری معیشت کو ضرورت ہے،نا مساعد حالات کے باوجود پاکستانی برآمد کنندگان نے ”ڈومو ٹیکس“ نمائش میں اپنے ملک کی نمائندگی کی کوشش کی لیکن یہ تعداد ہمسایہ ملک سمیت دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم تھی،نمائش میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے مندوبین سے ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ جرمنی سے ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان اور دیگر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان اشرف نے بتایا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین اپنے بہترین معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے نمائشوں میں آنے والوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور اس دوران پاکستانی قالینوں کی برآمدات کے معاہدے بھی ہوئے ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کی مالی معاونت کرتے ہوئے انہیں فریٹ چارجز اور سٹالز بکنگ کی لاگت میں سبسڈی دی جاتی تو ہم اپنے حریف ممالک کے مقابلے میں سٹالز لگاتے جس سے وسیع پیمانے پر برآمدی معاہدے متوقع تھے۔انہوں نے بتایا کہ ”ڈومو ٹیکس“نمائش میں نئی منڈیوں کی تلاش کے تناظر میں بھی ملاقاتیں کی گئی ہیں اور پاکستان واپس آ کر اس حوالے سے تجاویز حکو مت کو ارسال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ تمام بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کو یقینی بنانے کی پالیسی بنائی جائے جس سے مجموعی برآمدات پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید :

کامرس -