معاشی استحکام کیلئے برآمدات میں اضافہ انتہائی ضروری، فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد (اے پی پی):صدر فیصل آباد چیمبرڈاکٹرخرم طارق نے کہا ہے کہ ملکی معاشی استحکام کیلئے برآمدات میں اضافہ انتہائی ضروری ہے لہذا اس سلسلہ میں ہمیں اپنی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے فوری تمام ممکن اقدامات یقینی بنانا ہوں گے تاکہ ہم عالمی منڈیوں میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آسکیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری ملکی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوگا اس وقت تک اقتصادی ترقی اورمعاشی استحکام سے ہمکنار ہونا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات پاکستانی کی برآمدات کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ مصنوعات کی برآمد کیلئے سازگار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات کی پیداواری لاگت زیادہ ہے جس سے ہمارے ایکسپورٹرز کو عالمی منڈیوں میں سخت مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ جب انٹرنیشنل امپورٹرز کو دیگر ممالک کی سستی مصنوعات دستیاب ہوں گی تو وہ ہماری مہنگی مصنوعات کیوں خریدیں گے اور جب ہماری مصنوعات کی پیداواری لاگت زیادہ ہے تو ہم اپنی اشیا سستی کیسے بیچ سکتے ہیں۔