نیپال میں پوکھار ایئر پورٹ پر مسافر طیارہ گر کرتباہ، 10غیر ملکیوں اور عملہ سمیت سوار تمام 72افراد ہلاک 

نیپال میں پوکھار ایئر پورٹ پر مسافر طیارہ گر کرتباہ، 10غیر ملکیوں اور عملہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       کھٹمنڈو(این این آئی)نیپال میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں 10غیرملکیوں سمیت سوارتمام 72افرادبھی مارے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اے ٹی آر 72 طیارے نے پوکھارا سے کھٹمنڈو کیلئے اڑان بھری تھی، ییٹی ایئرلائنز کا طیارہ کھٹمنڈو سے پوکھارا جا رہا تھا اور لینڈنگ کے وقت گر کر تباہ ہو ا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ویڈیوز میں طیارے کو آبادی والے علاقے پر نچلی سطح کی پرواز کر تے دیکھا جا سکتا ہے،جس جگہ طیارہ گر کر تباہ ہوا وہاں سے کالے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے تھے اور یہاں طیار ے کا ملبہ دور دور تک پھیلا ہواتھا۔نیپالی ایئر پورٹ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے میں عملے سمیت 72 افراد سوار تھے، جن میں 10 غیر ملکی باشندے بھی شا مل تھے۔نیپالی طیارے میں موجود غیر ملکی باشندوں میں 5 بھارتی، 4 روسی اور 2 جنوبی کورین باشندے جبکہ آسٹر یلیا، فرانس، ارجنٹینا کا ایک ایک باشندہ شامل تھا۔نیپال کی سو ل ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا حادثے کے بعد سے اب تک 68 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ باقی چارکی تلاش تاحال جاری ہے،نیپالی فوج اس وقت کریش سائٹ پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ نیپالی فوج کے ترجمان نے کہا ابھی ملبے سے مزید لاشیں نکالی جائیں گی، کیونکہ طیارہ ٹکڑے ٹکڑے ہو چکا ہے۔نیپالی فوج کے ترجمان اسسٹنٹ راتھی کرشنا پرساد بھنڈاری نے بتایا طیارہ پوکھرا ہوائی اڈے سے ڈیڑھ کلومیٹر دور سیٹی دریا کے قریب ایک گھاٹی میں گر کر تباہ ہوا۔ان کے مطا بق ریسکیو آپریشن میں 120 رینجرز اور 200 فوجی حصہ لے رہے ہیں۔حادثے کے بعد نیپالی وزیرِ اعظم نے طیارے کے حادثے کے بعد کابینہ کاہنگامی اجلاس بلا لیا۔وزیرِ اعظم پشپا کمال نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلا کر ریاستی ایجنسیوں سے ریسکیو آپریشن میں معاونت کرنے کا کہا ہے۔واضح رہے نیپال میں اس سے پہلے بھی طیاروں کو حادثات پیش آتے رہے ہیں جس کی ایک وجہ تو ملک کا جغرافیہ اور دور دراز مقامات پر موجود رن وے ہیں لیکن یہاں موسم بھی بڑی تیزی سے تبدیل ہو تا ہے۔مئی 2022 میں ٹاٹا ایئر کا ایک طیارہ شمالی نیپالی ضلع مستانگ میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 2018 کے اوائل میں ایو ایس بنگلہ ایئرلائن کے ایک طیا رے میں کھٹمنڈو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 51 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
نیپال طیارہ تباہ

مزید :

صفحہ اول -