صدر مملکت کا نیپال طیارہ حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیپال کے شہر پوکھاڑامیں فضائی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل "دنیا نیوز"کے مطابق صدر مملکت نے اپنے ایک بیان میں المناک واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر اور استقامت کے ساتھ یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے،صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ گہرے غم کے اس لمحے میں، ہمارے خیالات اور دعائیں متاثرہ خاندانوں اور نیپال کے غمزدہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ نیپال کے شہر پوکھاڑا میں ایک ڈومیسٹک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا ، جس میں 72 افراد سوار تھے، ریسیکو حکام کے مطابق اب تک 68 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں ، مغربی نیپال میں واقع شہر کے پرانے اور نئے ہوائی اڈوں کے درمیان گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ یٹی ایئر لائنز کا ٹوئن انجن اے ٹی آر 72 طیارہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو سے جا رہا تھا۔ جہاز میں 15 غیر ملکی شہری اور چھ بچے سوار تھے۔ ایئر لائنز نے ایک بیان میں کہا کہ طیارے میں 53 نیپالی، 5 ہندوستانی، 4 روسی، 2 کوریائی، ایک ارجنٹائنی، اور ایک ایک مسافر کا تعلق آئرلینڈ، آسٹریلیا اور فرانس سے تھا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طیارے میں ہلاک ہونے والے 31 افراد کی لاشوں کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے، 36 دیگر لاشیں اس گھاٹی سے ملی ہیں جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔
نیپالی صحافی دلیپ تھاپا نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ملبے میں آگ لگنے کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مشکل ہو گئیں۔ نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل پرچندا نے حادثے کے فوراً بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلایا اور نیپال حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا ۔
نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارے نے کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 10:33 بجے اڑان بھری۔ طیارہ پوکھرا ہوائی اڈے پر اترنے کے قریب تھا، جب یہ سیٹی ندی کے کنارے ایک گھاٹی میں گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ حادثہ ٹیک آف کے تقریباً 20 منٹ بعد ہوا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہوائی جہاز نیچے اتر رہا تھا۔ دونوں شہروں کے درمیان پرواز کا وقت 25 منٹ ہے۔
ایئرلائن کے ترجمان سدرشن برٹولا نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا، ’’ہمیں ابھی نہیں معلوم کہ کوئی زندہ بچ گیا ہے یا نہیں۔‘‘ ایک مقامی اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا کہ طیارے میں گرتے ہی آگ لگ گئی۔ مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا نے طیارہ حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔