مولانا رومی ؒ کی تعلیما ت موجود ہ دور سے بھی مطابقت رکھتی ہیں: ڈاکٹر برہان الدین 

مولانا رومی ؒ کی تعلیما ت موجود ہ دور سے بھی مطابقت رکھتی ہیں: ڈاکٹر برہان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      کراچی(سٹاف رپورٹر)خانقائے مولائے روم اور پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرونک میڈیا فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے مولانا جلال الدین رومی ؒ کی شخصیت اور ان کی تعلیمات پر نشست منعقد ہوئی جس میں شارح مثنوی اور سجادہ نشین خانقائے مولائے روم ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی، قونصل جنرل ترکیCemal Sangu، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ سعید طالبی، معروف عالم دین مولانا اصغر داس، سابق وفاقی سیکریٹری انوار حیدر، سماجی کارکن اشوک کمار سیچوانی اور دیگر نے شرکت کی۔خانقائے مولائے روم کے سجادہ نشین اور شارح مثنوی مولائے روم ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ مولانا جلال الدین رومی ؒ کی تعلیما ت 772سال گذرنے کے باوجود آج بھی موجودہ حالات سے مطابقت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال رومی ؒ کے بارے میں پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جلال الدین رومی ؒ پیغمبر تو نہیں لیکن کتاب رکھتے ہیں۔ ان کی مثنوی دراصل قرآن کریم کا فارسی ترجمہ و تفسیر ہے۔ انہوں نے مثنوی کے ذریعہ محبت کا پیغام دیا اور یہی وجہ ہے کہ خانقائے مولائے روم میں 1001دن کی تربیت کے بعد انسانی جسم اس قابل ہوجاتا ہے کہ وہ صرف اچھائی کی بات کرے۔ ڈاکٹر برہان الدین احمد نے مزید کہا کہ رقص درویش گھڑی کی مخالف سمت سے کیا جاتا ہے جس طرح طواف کعبہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رومی ؒ کا پیغام آفاقی ہے اور یہ بیداری ملت کا بھی پیغام ہے۔ ترکی کے قونصل جنرلCemal Sanguنے کہا کہ پاک ترک تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور ان تعلقات کے فروغ میں مثنوی کا بھی ایک بڑا حصہ ہے، ترکیہ پاکستانی عوام کی محبت کا معترف ہے ہمیں بچپن سے ہی دو نعرے سکھا کے جاتے ہیں ''جیوے جیوے پاکستان'' اور''پاکستان زندہ باد''۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے ترک عوام کے دلوں میں پاکستان سے محبت بھرپور طریقہ سے موجود ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ ترکیہ حکومت اور عوام پاکستان کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں کوئی بھی قدرتی آفت ہو سب سے پہلے ترکیہ کی امدادی ٹیمیں پاکستان آتی ہیں۔ انہوں اس شاندار تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر برہان الدین احمد سعیدی کا شکریہ ادا کیا اور کہا مولانا جلال الدین رومیؒ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے ڈاکٹر صاحب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ڈائریکٹر خانہ فرہنگ سعید طالبی نے کہا کہ رومی کا فارسی کلام دراصل تفسیر قرآن ہے، مثنوی میں پیچیدہ سے پیچیدہ بات انتہائی سہل انداز میں بیان کی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ مثنوی کے اشعار دل کو چھو لیتے ہیں۔ معروف عالم دین مولانا اصغر درس نے کہا کہ مثنوی دل کو چھولینے ولاا کلام ہے، اس کو پڑھنے والے اس کے اسرار و رموز میں کھو جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت شمس تبریز کی محبت نے مولانا جلال الدین رومیؒ کو اس طرح سے نکھارا کہ ان کی مثنوی رہتی دنیا تک امر ہوگئی ہے۔ سابق وفاقی سیکریٹری انوار حیدر نے کہا کہ مثنوی کو مولانا کا معجزہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ مولانا رومیؒ نے کلام پاک کی آیات کی تفسیر اپنے اشعار کے ذریعہ کی ہے۔ انہوں نے مثنوی میں ایسے موضوعات کو چھیڑا ہے جو آج کے دور سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ اشوک کمار سیچوانی نے کہا کہ میں ایک ھندو ہوں لیکن مولانا کا بہت زیادہ عقیدت مند ہوں کیونکہ ان کا کلام دلوں کو چھوتا ہے ان کی مثنوری کو پڑھنے والا اس کے سحر سے آزاد نہیں ہوسکتا۔ پاکستان پرنٹ اینڈ الیکٹرونک میڈیا فا?نڈیشن کے صدر زیڈایچ خرم نے کہا کہ مولانا رومیؒ کی زندگی اور تعلیمات پر اس نشست کے مشترکہ انعقاد پر ان کوفخر ہے۔ انہوں نے خانقائے مولائے روم کے سجادہ نشین ڈاکٹر برہان الدین احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ25سال سے اس ضمن میں مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں۔ سندھ بوائے اسکا?ٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اختر میر نے کہا کہ اس پُرنور نشست کا اہتمام ان کی ایسوسی ایشن کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ پی پی ای ایم ایف کی جنرل سیکریٹری خورشید حیدر نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں تمام مقررین کو خانقائے مولائے روم کی جانب سے مولانا برہان الدین احمد نے ترکی ٹوپی اور پھولوں کا تحفہ پیش کیا جبکہ پی پی ای ایم ایف کی جانب سے شیلڈز دی گئیں۔