عالمی بینک خیبر پختونخوا میں 245میگاواٹ کے2 توانائی منصوبے شروع کریگا: نثار احمد خان
پشاور(سٹی رپورٹر)عالمی بینک رواں سال خیبرپختونخواکے ضلع سوات میں 245میگاواٹ کے 2پن بجلی منصوبے شروع کریگاجن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔صوبائی حکومت نے منصوبوں پر کام کرنیوالےپراجیکٹ عملے اورغیرملکی انجینئرزکی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے جامع سیکورٹی پلان ترتیب دیدیا ہے جبکہ توانائی منصوبے شروع کرنے سے پہلے دستاویزات میں فوری ترامیم کرکے سیکورٹی پیکج شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس بات کا فیصلہ سیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد خان کی زیرصدارت عالمی بینک کے مشن کیساتھ ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں عالمی بینک کے سینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب کی قیادت میں مشن کے دیگراراکین سمیت چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان،KHREپروگرام کے چیف انجینئرشاہ حسین اورمنصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئرنعیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ عالمی بینک کے مالی تعاون سے خیبرپختونخوامیں رواں سال ضلع سوات میں پن بجلی کے 2منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغازہو گاجن میں 157میگاواٹ مدین ہائیڈروپاورپراجیکٹ اور88میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں عالمی بینک اورصوبائی حکومت کے درمیان 450ملین ڈالرزمعاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں۔یہ منصوبے 2027تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی نثاراحمدخان نے کہا کہ توانائی کے دونوں منصوبے صوبے کی ترقی وخوشحالی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوگا۔منصوبوں سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔انہوں نے عالمی بینک کے مشن کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت توانائی منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کررہی ہے اور مقامی پولیس، انتظامیہ ودیگرسیکورٹی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ توانائی منصوبوں کے لئے سکیورٹی پیکج تیارکرکے جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے تاکہ صوبے کے عوام انکے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔