صوبوں کی طرز پر اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کیلئے درخواست پر وفاق اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبوں کی طرز پر اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کیلئے درخواست پر وفاق اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کیلئے طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں صوبوں کی طرز پر اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی کے قیام کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی،ایس ایم یاور گردیزی ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی،کیس کی سماعت اسلام ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔
وکیل درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیاگیاکہ وفاقی حکومت کو اسلام آباد کی قانون ساز اسمبلی بنانے کیلئے قانون سازی کی ہدایت دی جائے ،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا یہ عدالت قانون سازی یا آئین میں ترمیم کے لئے ہدایت کر سکتی ہے؟ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ میں اسلام آباد کے رہائشیوں کے بنیادی حقوق کی بات کر رہا ہوں، دہلی اور آسٹریلیا میں اس طرح کی حکومت ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا یہ لوکل گورنمنٹ کے علاوہ سیٹ اپ ہے؟ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ جی، یہ لوکل گورنمنٹ کے علاوہ سیٹ اپ ہے، اسلام آباد کسی صوبائی اسمبلی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، عدالت نے وفاق اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔