ملک بچانے کیلئے فوری شفاف الیکشن ناگزیر، زین قریشی
ملتان (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجا ب کے سینئر نائب صدر و سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے 8ماہ میں عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ عوام دو روٹی نوالہ کیلئے ترس گئے ہیں۔ آٹا عوام کی خرید سے باہر ہو چکا ہے۔ آٹا خریدنے کیلئے ایک طویل قطار میں عوام کھڑی نظر آتی ہے۔ امپورٹڈ اور نا اہل حکمرانوں نے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ ملک بچانے کیلئے فوری اور شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔ فوری انتخابات کا مطالبہ ملک کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز (بقیہ نمبر35صفحہ6پر)
بی سی جی چوک پر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری سابق معاون خصوصی رانا عبدالجبار پی ٹی آئی رہنما قربان فاطمہ ملک طارق ارائیں منور قریشی شیخ طاہر سردار اعجاز ججی ڈوگر ملک سلیم لدھڑ ساجد سہیل رانا نعیم چودھری بن یامین ساجد ساجد نصیر رانا افضل مخدوم شعیب اکمل ہاشمی سعدیہ بھٹہ شیخ سلیم سمیت پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا اقتدارپر لٹیرے قابض ہیں۔ جنہیں اپنے خلاف مقدمات ختم کروانے اور اقتدار کو طول دینے کی فکر ہے۔ انہیں نہ عوام کے مسائل سے دلچسپی ہے اور نہ انہیں عوامی پریشانیوں کا ادراک ہے۔ عمران خان اقتدار کی نہیں بلکہ ملک بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وہ ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وقت آگیا ہے قوم کو اپنے ملک اور اپنے آنے والی نسلوں کی بہتری کیلئے عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ اور اپنے گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی بحران کاشکار ہے۔ ملکی معیشت اس وقت تک قابو میں نہیں آسکتی جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا۔عمران خان نے ملک میں معاشی و سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے فوری اور شفاف انتخابات کامطالبہ کیا ہے کیونکہ اس وقت ملک کو ٹھوس فیصلوں کی ضرورت ہے۔ صرف عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت ٹھوس فیصلے کرکے ملک کو معاشی بحران سے نکال باہر لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ دونوں جماعتوں نے ملک کو بری طرح لوٹا۔ عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ عوام دونوں جماعتوں کی اصلیت کو جان چکے ہیں۔ دونوں جماعتوں نے باریوں کی سیاست کی۔ اور اقتدار کے مزے لوٹے۔ دونوں نے ملک لوٹاقومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر بیرون ملک جائیدایں بنائیں۔ عمران خان نے آکر باریوں کی سیاست کو ختم کیا۔ عمران خان نے ملک میں کمزور طبقے کیلئے آواز بلند کی اور پہلی مرتبہ ملک لوٹنے والے بڑے مگر مچھوں کا احتساب کیا۔ عمران خان کو ایک سازش کے ذریعے اقتدار سے الگ کردیا گیا اور ملک کی چلتی ہوئی ترقی کا سفر روک دیا گیا۔ عمران خان کو اقتدار سے علیحدگی کے بعد بھر پور عوامی پذیرائی ملی۔ انہوں نے ملک گیر دورے اور جلسے کئے۔ عمران خان کی مقبولیت میں بتدریج اضافہ ہوا۔ اور پی ڈی ایم پر مشتمل حکومت کی نا اہلی اور بری کارکردگی کی بدولت ان کی مقبولیت میں بتدریج کمی ہوئی۔ عمران خان کی مقبولیت اور الیکشن میں شکست نظر آتی دیکھ کر پی ٹی ایم اتحاد الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔ ان کو الیکشن سے راہ فرار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ انہیں فوری طورپر اقتدار سے الگ ہو کر الیکشن کروانا ہونگے۔ جتنی دیر چوروں کاٹولہ اقتدار میں رہا ملک کیلئے اتنا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا پاکستان کی عوام نے عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے چوروں کے ٹولے کو دو مرتبہ ضمنی انتخابات میں مسترد کیا۔اور آئندہ جنرل الیکشن میں بھی چوروں کے ٹولے کو شکست ہوگی اور تحریک انصاف کو کامیابی ہوگی۔ عمران خان عوام کی طاقت سے ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم ہونگے۔ قبل ازیں مخدومزادہ زین حسین قریشی نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہمراہ چوک شاہ عباس سے مہنگائی کے خلاف ایک بہت بڑی ریلی کی قیادت کی اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے تحریک انصاف اور عمران خان کے حق میں بھر پور نعرے بازی کی۔