وزراء کیلئے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، حکومت نے اعلان کردیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزراء اور مشیروں کیلئے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹویٹڑ پر جاری پیغام میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دوٹوک اور باربار کی تردید کے باوجود افواہیں پھیلانے پر قانونی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیاگیاہے ، میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں کو خبریں بنا کر پیش نہ کرے۔
وزراء اور مشیروں کے لئے گاڑیوں کی خریداری کی جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا یے۔ دوٹوک اور باربار کی تردید کے باوجود افواہیں پھیلانے پر قانونی اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا۔ میڈیا سے درخواست ہے کہ افواہوں کو خبریں بنا کر پیش نہ کرے https://t.co/m9exrGYzkA
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) January 16, 2023
مریم اورنگزیب دراصل اس خبر پر اپنا ردعمل دے رہی تھیں جس میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ وفاقی حکومت نے وزراء اور مشیروں کیلئے 165 مرسڈیز گاڑیاں منگوانے کی اجازت دے دی ہے ، یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ وفاقی حکومت نے گاڑیاں بیرون ملک سے منگوانے کیلئے ایل سیز بھی کھول دی ہے ، پہلے مرحلے میں 65 جبکہ دوسرے مرحلے میں 100 گاڑیاں منگوائی جائیں گی۔