پاکستانی مشہور اداکارہ و شاعرہ حنا دلپذیر المعروف "مومو "آج 53 برس کی ہو گئیں

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈرامہ سیریل" بلبلے" میں "مومو " کے مزاحیہ کردار سے شہرت پانے والی پاکستانی معروف اداکارہ اور شاعرہ حنا دلپذیر آج 53 سال کی ہو گئی ہیں ۔
مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی حنا دلپذیر خان 16 جنوری 1966 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 42سال کی عمر میں 2008 میں فصیح باری خان کی ٹیلی فلم " برنس روڈ کی نیلوفر " سے کیا جس میں انہوں نے "سعیدہ "کے نام سے کردار ادا کیا، ڈرامہ سیریل" بلبلے" میں " مومو" کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا ۔
حنا دلپذیر اب ہر خاص و عام میں " مومو" کے نام سے ہی جانی جاتی ہیں ، ان کے دیگر ڈراموں میں "خاتون منزل"،" تم ہوکے چپ "،" قدوسی کی بیوہ"، "عینی کی آئے گی بارات"،" لیڈیز پارک "اور" گوگلی محلہ "وغیرہ شامل ہیں۔ حنا نے دلپذیر خان نامی ایک نوجوان سے اپنی پسند کی شادی کی جس سے انہیں ایک بیٹا مصطفیٰ دلپذیر پیدا ہوا۔مصطفیٰ ابھی 3سال کا تھا کہ دلپذیر خان نے حنا المعروف "مومو "کو ہنسی مذاق میں طلاق دے دی، حنا نے اس کے بعد ابھی تک دوسری شادی نہیں کی ۔ حنا اردو میں 100 سے زائد غزلیں لکھ چکی ہیں ، جنہیں اب وہ کتابی شکل دے کر شعری مجموعہ شائع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔