نگران سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جا سکتے ہیں، عمران خان کا بڑا بیان

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کر لیا ہے، نگران سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جا سکتے ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی رابطے میں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ بری طرح پھنس گئے ہیں۔ رات کو اسحاق ڈار نے پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا تھیں، لیکن نہیں بڑھائیں، اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آئے گی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کے کراچی میں ہارنے کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلز پارٹی کی دھاندلی ہے۔ پی پی پی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی۔