امارات میں ایک لاکھ ڈالر تنخواہ والی نوکری کا اعلان، نوجوانوں کیلئے سنہری موقع

ابوظہبی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات زندگی بدل دینے والے مواقع کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ اب اس ملک سے ایک ایسی بہترین جاب کی پیشکش کر دی گئی ہے کہ دنیا کا ہر شخص اس کا خواہش مند ہو گا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس دنیا کی بہترین جاب کی تنخواہ 1لاکھ ڈالر ہو گی۔
یہ جاب ابوظہبی کے معروف سیاحتی مقام ’یس آئی لینڈ‘ کے سفیر کی جاب ہے، جس کا اعلان امریکی اداکار اور کامیڈین کیوین ہارٹ کی طرف سے کیا گیا ہے۔ہر وہ شخص جس کی عمر 21سال یا اس سے زیادہ ہے، اس نوکری کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔درخواست میں امیدواروں کو ایک ویڈیو لازمی مہیا کرنی ہو گی جس میں وہ بتائیں گے کہ اگر انہیں ’یس آئی لینڈ‘ کا سفیر منتخب کر لیا جاتا ہے تو وہ کس طرح اس کی تشہیر کر سکتے ہیں۔
9سے 29جنوری کے درمیان لوگ اس نوکری کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ 26جنوری کو ’یس آئی لینڈ‘ کے سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں ان امیدواروں کو لائیو ریڈیو انٹرویو بھی دینا ہو گا، جس کے بعد 3فروری 2023ء کو حتمی امیدوار کا اعلان کیا جائے گا جو یس آئی لینڈ کا سفیر بنے گا۔
یہ دو ماہ کی جاب ہو گی، جس کی تنخواہ 1لاکھ ڈالر دی جائے گی۔ جاب کے لیے منتخب ہونے والے شخص کو ابوظہبی جانے کے لیے بزنس کلاس کا ٹکٹ دیا جائے گا۔جاب کے دو ماہ اسے یس آئی لینڈ پر واقع5سٹار ہوٹل ڈبلیو ابو ظہبی کے ایک عالیشان سوٹ میں رہائش دی جائے گی۔جہاں اسے سپاء سمیت دیگر ہر طرح کی سہولت میسر ہو گی۔
یس آئی لینڈ کا سفیر بننے والے شخص کو کارٹنگ سیشنز اور یس مرینا سرکٹ پر فارمولا یس 3000ڈرائیونگ سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی دیا جائے گا۔اسے یس لنکس گولف پیکیج کے لیے دو ماہ کی کلب ممبرشپ دی جائے گی۔اس کے علاوہ اسے غیرمحدود رسائی کے ساتھ دو یس تھیم پارکس گولڈ اینوئل پاس دیئے جائیں گے۔اگر آپ بھی امیدوار بننا چاہتے ہیں تو 23جنوری سے پہلے اپنی ایک ویڈیو بنا کر http://hireme.yasisland.com/پر جمع کرا دیں۔ ویڈیو 60سیکنڈ سے زیادہ طویل نہ ہو اور اس کا سائز 100ایم بی سے زیادہ نہ ہو۔