ڈرون حملوں کی حقیقت جاننے کیلئے ایک لاکھ نوجوانوں کا سونامی انٹرنیشنل میڈیا کیساتھ لیکروزیرستان لے جائینگے:عمران خان
لاہور(وقائع نگار)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرستان میں ڈرون حملوں کی اصل حقیقت جاننے اور اس کی تہہ تک پہنچنے کے لئے ایک لاکھ نوجوانوں پر مشتمل یوتھ سونامی انٹرنیشنل میڈیا کے ساتھ وزیرستان جائے گا ہمیں یقین ہے کہ کسی بھی معاشرے میں انقلابی تبدیلی نوجوانوں اور خواتین کے بغیر ممکن نہیں، تحریک کی سونامی نوجوان نسل ہے جو ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں، تحریک انصاف اقتدار میں آکر پہلے ہی سال میں خزانہ کے لئے 4ہزار ارب روپے اکٹھے کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کی ممبر شپ مہم کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی صدر حسان خان نیازی، پنجاب کے صدر فرخ حبیب، لاہور کے صدر محمد عثمان، تحریک انصاف کے مرکزی صدر جاوید ہاشمی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکرٹری اطلاعات میاں شفقت محمود، عمرسرفراز چیمہ، پنجاب کی صدر سلونی بخاری، لاہورڈسٹرکٹ کی صدر نوشین حامد معراج، سیکرٹری اطلاعات پنجاب طلعت نقوی، لاہور ڈسٹرکٹ کے صدر میاں محمودالرشید، ظہیر عباس کھوکھر،انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے رہنما گلریز اقبال، وقاص بٹ جنرل سیکرٹری پنجاب، ہزارہ کے صدر احسن نوید خیبر پختونخوا کے صدر اخوند زادہ حسین، سیکرٹری انفارمیشن عدیل شفیع، وقاص، ثاقب ریاض سندھو، وقار ملک، سردار امیر جوئیہ،مبین سلطان، منیب اعوان، محمدعمرگواچی،محمدآصم،زبیرصابر،جہانزیب سمیت ملک بھر سے عہدیداران موجود تھے، چیئرمین عمران خان نے کہاکہ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جن کی انتھک محنت سے لاکھوں نوجوان تحریک انصاف کا حصہ بنے، نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے روشن لیڈر ہیں، کسی بھی معاشرے میں انقلابی تبدیلی نوجوان اور خواتین ہی لاتی ہیں، تحریک کی سونامی نوجوان ہیں جو آئندہ عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھے گے، انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں اور خواتین کو لے کر ایک نیا پاکستان بنانے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نڈر لیڈر ہی اپنے نظریات پرکاربند رہ سکتا ہے، اگر لیڈر کمز ور اور خوفزدہ ہو گا تو معاشرہ کبھی اپنے پیروں پر کھڑا نہ ہو سکے گا، انہوں نے کہا کہ لیڈر اپنی ہی مثال سے لیڈ کرتا ہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان میں لیڈر اپنے مہروں کو قربانی کا بکرا اورعوام سے قربانیاں مانگتے ہیں جبکہ خود قربانی دینے سے کتراتے ہیں، انہوں نے کہاکہ نظریات کا مجموعہ لیڈر ہوتا ہے جو صرف اپنے نظریات پر سمجھوتہ کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام لوڈ شیڈنگ، دہشت گردی اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پر پارلیمینٹ کی ایک بھی نہ سنی گئی جس سے ذلت کا سامنا ہوا، انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں پر صدر اوباما معافی مانگتا ہے جبکہ ہمارے 22فوجیوں کو شہید کرنے پر معافی مانگنے کی بجائے ان کی غلطی تصور کررہے ہیں جو کمزور حکمرانوں کی نااہلی کا سبب ہے، انہوں نے کہا کہ جو حکمران اپنی رعایا کی عزت نہیں کرتے وہ دنیا میں رسوا ہوتے ہیں، اگر ہم ایک پاکستانی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر کروڑوں عوام باہر نکل آئے تو کسی فرد کو ظلم کا نشانہ نہیں بنایا جاسکے گا، انہوں نے کہا کہ ڈرون حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے ناموں کا سراغ تک نہیں لگنے دیا جاتا، تحریک انصاف ماہ ستمبر میں 1لاکھ نوجوانوں کی سونامی انٹرنیشنل میڈیا کے ہمراہ وزیرستان جائے گی جو وہاں کے حالات اور افراد کے مسائل کو جانچے گی، عمران خان نے کہا تحریک انصاف پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو پارٹی کی ہر سطح پر الیکشن کروا رہی ہے، یہ وہ پارٹی ہے جو یونین کی سطح سے لے کر صوبائی سطح تک رہنماﺅں کا انتخاب بذریعہ ووٹ سے کرے گی، انہوں نے کہا کہ آئی ایس ایف کے ٹائیگر بھی عام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، انہوں نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ تحریک انصاف میں وہی پرانے چہرے آرہے جس میں قوم کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک کے چیئرمین کی کوئی قیمت نہیں لہٰذا اسے کوئی طاقت یا پیسہ نظریہ سے ہٹ کر فیصلہ کرنے پر مجبور نہ کر سکتی ہے، انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی صدر حسان خان نیازی نے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے ہر محاذ پر نوجوانوں کے حوصلے بلند رکھتے ہوئے بھرپور تعاون اور ساتھ دیا، تحریک کی کمر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن ہے جو چیئرمین عمران خان پر بھرپور اعتماد اور تعاون کا یقین دلاتی ہے، انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن پنجاب کے صدر فرخ حبیب نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن نے پنجاب بھر میں یو سی، تحصیل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر کامیاب ممبر شپ کی، انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن آئندہ تمام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات پر کاربند ہو کر ملک کا مستقبل روشن کرے گی، انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن لاہور ڈسٹرکٹ کے صدر عثمان نے کہا کہ انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن حادثاتی طور پر نہیں بلکہ نظریہ کے تحت وجود میں آئی ہے جو دیگر طلباءتنظیموں سے ہٹ کر ہر محاذ کو ونگ کی شکل دے کر مختلف شعبہ جات میں کام کررہی ہے جو اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے نبھا کر چیئرمین عمران خان کے نظریات کو فروغ دے رہی ہے۔
لاہور (این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ توہین عدالت کا بل بھی این آر او ہے اور یہ تمام چوروں کو بچانے کےلئے لایا گیا ہے ‘وزیراعظم او رپارلیمنٹ کا کام صرف آصف علی زرداری کی چوری اور کرپشن کو بچانا ہے ‘ فخر الدین جی ابراہیم غیر غیر جانبدار شخصیت ہیں انکی ذات پر کوئی اعتراض نہیں ،نگران سیٹ اپ میں بھی ایسے ہی لوگوں کو شامل کیا جانا چاہیے‘ امریکی سفیر کیمرون منٹر بتائیں کہ انکے بیان کا کیا مطلب ہے ‘ پاکستانیوں کی اکثریت دہشتگردی کی جنگ کے خلاف ہے اور ڈرون حملوں میں مارے جانے والوں کی شناخت ظاہر کی جائے‘ کم از کم ایک لاکھ لوگوں کا سونامی لیکر وزیرستان جائینگے ‘ بلوچستان کا سیاسی حل نکالنے کی بجائے اسے فوج اور ایف سی کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ وہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ راجہ پرویز اشرف کا نام رینٹل کرپشن کیس میں ہے انہیں وزیر اعظم نہیں ہونا چاہیے تھالیکن بد قسمتی سے موجودہ حکومت کی وزیر اعظم کے لئے یہی اہلیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت بل کی حمایت نہیں کرتے ‘ یہ بل بھی این آر او ہے جسکا مقصد تمام چوروں کو بچانا ہے لیکن سپریم کورٹ اسے مسترد کر دیگی ۔ بد قسمتی سے وزیر اعظم اور پارلیمنٹ کا کام صرف آصف علی زرداری کی چوری اور کرپشن کو بچانا رہ گیا ہے ۔ انہوں نے امریکی سفیر کیمرون منٹر کے حالیہ بیان کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفیر سے پوچھا جانا چاہیے کہ انکے بیان کا کیا مقصد ہے ‘ ہم کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ ہم اسکی پالیسیوں کے خلاف ہیں ۔ تحریک انصاف کا واضح موقف ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی نہیں اور پاکستانیوں کی اکثریت بھی یہی رائے رکھتی ہے ‘ ڈرون حملوں میں بے گناہ مارے جارہے ہیں ‘ ان حملوں میں مارے جانوں والوں کی شناخت کیوں ظاہر نہیں کی جا تی ۔ اعلان کے مطابق وزیر ستان جائینگے اور کم از کم ایک لاکھ افراد پر مشتمل سونامی ساتھ ہوگا ۔ انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے کہا کہ موجودہ حکومت میں یہ اہلیت ہی نہیں ‘ این آر او کے ذریعے آنے والی حکومت کا کام صرف اپنی کرپشن بچانا تھا ۔ بلوچستان کے معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنے کی بجائے فوج اور ایف سی کے حوالے کر دیاگیا جس سے معاملے مزید بگڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے کہا کہ فخر الدین جی ابراہیم غیر جانبدار آدمی ہیں اور ہمیں انکی ذات پر کوئی اعتراض نہیں‘ نگران سیٹ اپ میں بھی ایسے ہی لوگوں کو شامل کیا جانا چاہیے ۔ پھر کہتا ہوں کہ اگر شفاف انتخابات نہ ہونے تو ملک میں خون خرابہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو کام ملک و قوم کے مفاد میں کرے گی اسکی بھرپور حمایت کریں گے اور اسکے برعکس کسی اقدام کی کسی صورت حمایت نہیں کریں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کا خوف مخالفین کے چہروں سے عیاں ہے ‘ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اور اس میں برابر کے شریک رہنے والوں سے کسی صورت اتحاد نہیں کریں گے ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کی سٹریٹجک کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی‘ جاوید ہاشمی‘ شفقت محمود ‘میاں محمود الرشید‘ اسحاق خاکوانی‘ اعجاز چوہدری‘ سرفراز چیمہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میںحکومت کی طرف سے توہین عدالت بل کی منظوری سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ‘ پارٹی کے تنظیمی امور ‘ آئندہ انتخابات سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔