پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مالکان آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے آگے بڑھیں، ادیب جاودانی
لاہور (پ ر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والے اپنے پاکستانی بھائیوں کی مالی معاونت کیلئے چڑھ کر حصہ لیں تاکہ متاثرین کو کیمپوں میں تمام تر سہولیات میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میںدہشت گردی ختم کرنے کیلئے پاک فوج کے شمالی وزیرستان کے آپریشن ”ضرب عضب“ کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی کرکے کیمپوں میں پناہ گزین ہیں۔ حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے بھرپور اقدامات کرہی ہے۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے بھی اپنے متاثرین بھائیوں کی بھرپور مالی معاونت کرکے اپنا کردار ادا کریں۔