شوکت خانم ہسپتال کے زیر اہتمام ملتان میں واک ان کلینک نے کا م شروع کر دیا

شوکت خانم ہسپتال کے زیر اہتمام ملتان میں واک ان کلینک نے کا م شروع کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)پاکستانی عوام اور خصوصاً جنوبی پنجاب کے لوگوں کےلئے خوشی کی خبر ہے کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام ملتان میںواک اِن کلینک نے کام شروع کردیا اس سلسلہ میں گزشتہ روز ایک افتتاحی تقریب کا انعقادہوٹل رمادہ ملتان میں کیا گیا جس میں شوکت خانم ہسپتال کے سپورٹرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اس تقریب کی میز بانی کے فرائض ٹی وی ڈرامہ آرٹسٹ و پروڈیوسر سرمد کھوسٹ نے سرانجام دئے معروف آرٹسٹ جاوید شیخ بھی اس تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے اس موقع پرشوکت خانم ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عاصم یوسف نے نئے واک اِن کلینک کی غرض و غائت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کلینک میں کینسر کی تشخیص کی مکمل سہولیات میسر ہونگی جس میں مریض کا چیک اَپ کیا جائے گا اور مریض کے باقاعدہ علاج کےلئے شوکت خانم ہسپتال لاہور بھیجا جائے گا ۔
اس کلینک کے قیام سے جنوبی پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہونگے جو اس سے پہلے تمام پروسیجر کےلئے لاہور جارہے ہےں اور انہیں لمبی مسافت اور زیادہ خرچہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے ملتان واک اِن کلینک کی زمین کا عطیہ اور اس کے قیام کے اخراجات ادا کرنے پر ملتان سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ ایسے ہی تعاون کرتے رہے تو دوسرے شہروں میں بھی واک اِن کلینک کھولے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام کو کینسر کے جدیدترین علاج کی فراہمی کےلئے شوکت خانم کینسر ہسپتال کی تعمیر پشاور میں تیزی سے جاری ہے جبکہ کراچی میں بھی ہسپتال کےلئے زمین لے لی گئی ہے اور عنقریب وہاں بھی کام شروع ہوجائے گا۔