وحدت روڈ پر کھانے پینے اور سوڈا واٹر کے عارضی سٹالز لگاکر تجاوزات قائم کر لی گئیں

وحدت روڈ پر کھانے پینے اور سوڈا واٹر کے عارضی سٹالز لگاکر تجاوزات قائم کر لی ...

لاہور(انویسٹی گیشن سیل) علامہ اقبال ٹاﺅن اور پی ایچ اے کے عملے کی ملی بھگت سے ملتان چونگی وحدت روڈ موڑ پر بااثر افراد نے کھانے پینے اور سوڈا واٹر کے عارضی سٹالز لگاکر تجاوزات قائم کرلیں ، سروس روڈ مکمل بند جبکہ سڑک کنارے خوبصورتی کے لیے بنائے گئے پی ایچ اے کے پارک کے اندر گاہکوں کے لیے کرسیاں اور میزیں لگا کر قبضہ جمالیا گیا،ٹریفک جام رہنے لگی ، مقامی لوگوں بالخصوص خواتین کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ،عارضی سٹالز ختم کرواکر علاقے کے حسن کو تباہ ہونے سے بچایا جائے ،اہل علاقہ کی جانب سے ٹی ایم اے اقبال ٹاﺅن اور ڈی جی پی ایچ اے سے کارروائی کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان چونگی وحدت روڈ موڑ پر کچھ عرصہ سے پپو ٹکی والا ، عباس ٹکی والا، اشرف لیمن سوڈا اور ٹی سٹالوں سمیت متعدد افراد نے نہ صرف راہگیروں کے لیے بنائے گئے فٹ پاتھ پر سٹالز سجا کر قبضہ کررکھا ہے بلکہ سروس روڈ پر موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی پارکنگ اور کرسیاں میزیں لگا کر تجاوزات قائم رکھی ہیں ، اس کے علاوہ ان سٹالوں کے مالکان نے ایک دوسرے کے ساتھ مقابلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مین سڑک اور سروس روڈ کے عین درمیان میں ماحول کی خوبصورتی کے لیے بنائے گئے پی ایچ اے کے پارک کے اندر بھی کرسیاں اور میزیں لگا کر قبضہ جما رکھا ہے جس سے پارک کا حسن تباہ ہورہا ہے

۔ شام ڈھلتے ہی ان سٹالوں پر لوگوں کا ہجوم لگ جاتا ہے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے اس کے علاوہ مقامی رہائشیوں اور گھریلو خواتین کا اس پر ہجوم مقام سے گزرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق علامہ اقبال ٹاﺅن اور پی ایچ اے کے عملے کے بعض ارکان مبینہ طور پر ان سٹالوں کے مالکان سے منتھلیاں وصول کرتے ہیں جس کے باعث متعلقہ ادارے ان تجاوزات کے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہیں ۔

 

مزید : میٹروپولیٹن 4