جماعۃ الدعوۃ کا فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

جماعۃ الدعوۃ کا فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان

لاہور( اے این این) جماعہ الدعوۃ پاکستان نے اسرائیل کی فلسطین پر بمباری اور نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف 18جولائی جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ہر شہر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ،ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارزو کانفرنسیں ہونگی ۔ جمعہ کے خطبات میں علماء کرام اسرائیلی مظالم کیخلاف آواز بلند کرینگے اور مذمتی قراردادیں پیش کریں گے۔امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید کی ہدایات پر ملک بھر میں 18جولائی جمعہ کواسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں دیگرمذہبی و سیاسی جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ پوری دنیا میں مضبوط آواز بلند کی جاسکے۔فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف جماعۃ الدعوۃ کے تحت صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت گوجرانوالہ،ڈی جی خان،صادق آباد،لودھراں،بہاولپور،قصور،فیصل آباد، چنیوٹ، میرپور، سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں میں منگل کو بھی سحری و افطار پروگراموں میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت اور فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کیا ۔جماعۃ الدعوۃکے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمان مکی نے میر پور کے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کا جواب دینے کے لئے پوری امت مسلمہ متحد ہو جائے۔اسلام دشمن قوتوں کا علاج صرف جہاد ہے۔ مسلمان ممالک اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم ، اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ اور پوری امت مسلمہ اسرائیل کے خلاف متحد ہو جائے۔ مسلم دنیا اسرائیل کا ہر طرح سے بائیکاٹ کرے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔اسرائیلی دہشت گردی پر مسلم امہ کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتی۔ جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے خانیوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکہ کے اشاروں پر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ او آئی سی ، عرب لیگ و دیگر مسلمان ملکوں کے ادارے و حکمران کھل کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔ قبلہ اول بیت المقدس اور مظلوم فلسطینیوں کو یہودیوں کے تسلط سے آزاد کر وانا مسلمانوں کا دینی ، شرعی و اخلاقی فریضہ ہے۔تحریک حرمت رسولﷺ کے جنرل سیکرٹری قاری محمد یعقوب شیخ نے ڈیرہ غازی خان اورصادق آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ و یورپ اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر رہے ہیں۔جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ محمد مسعود نے فیصل آباد،مفتی عبدالرحمان عابد نے لودھراں،بہاولپور،حافظ عبدالرؤف نے گوجرانوالہ،مولانا نصر جاوید نے گوجرانوالہ،حافظ طلحہ سعید نے قصور،مفتی محمد سعید نے چنیوٹ،محمد اشفاق ورک نے گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،پروفیسر ظفر اقبال نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکہ کے اشاروں پر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔مسلم حکمران فلسطین ، کشمیر و دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لئے امریکہ کے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم اتحاد سے باہر نکل آئیں اور اسلام و مسلمانوں کے دفاع کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔

یوم احتجاج

مزید : صفحہ آخر