سونامی خان کو کے پی کے کے علاوہ ہر جگہ دھاندلی نظر آرہی ہے، حمزہ شہباز

سونامی خان کو کے پی کے کے علاوہ ہر جگہ دھاندلی نظر آرہی ہے، حمزہ شہباز

اوکاڑہ(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والوں کے پاس ملک میں کوئی ایسا حلقہ نہیں جہاں سے وہ ایم پی اے بن سکیں جبکہ سونامی خان کو صوبہ کے پی کے ۔کے علاوہ ہر جگہ دھاندلی نظر آرہی ہے۔کسی کو عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کار کنوں کو ایسے عہدے دیں گے جس سے انکو احساس ہو گا کہ وہ بھی حکومت کا پاورفل حصہ ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ن لیگ کے راہنما مرزا نعیم بیگ کی قیادت میں ملنے والے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ن لیگ کو حکومت خدا کی رحمت کے بعد عوام کے مینڈیٹ سے ملی ہے لہٰذا کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ انقلاب یا تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام سے انکا مینڈیٹ چھین لے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ایک حقیقت پسند عوامی جماعت ہے ۔ہمیں دہشت گردی اور توانائی کا بحران سابق حکومت سے ورثے میں ملا ہے دونوں پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج آپریشن میں مصروف ہے جسے پوری قوم کی مکمل حمائت حاصل ہے ۔جو لوگ ان دنوں ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ملک میں بالواسطہ بحرانوں کو سپورٹ کر رہے ہیں جنہیں عوام میں کوئی پذیرائی نہیں ملے گی۔

مزید : صفحہ آخر