صوبائی وزراءکے رمضان بازاروں کے دورے‘ آٹے کا وزن اور نمی چیک کی

صوبائی وزراءکے رمضان بازاروں کے دورے‘ آٹے کا وزن اور نمی چیک کی

لاہور (پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر رمضان بازاروں میں انتظامات ‘ اشیائے صرف کی دستیابی‘ معیار اور نرخ کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزراءنے مختلف اضلاع میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔ صوبائی وزیرآبپاشی یاور زمان نے لودھراں اور دنیا پور میں قائم سستے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اورسبزی‘ پھل‘ چینی‘ گھی‘ گوشت سمیت دیگر اشیاءکے معیار‘ وزن اور نرخ کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرنے آٹے کے تھیلے کا وزن‘ قیمت کا جائزہ لیا اور نمی اور چوکر بھی چیک کیا۔ میڈیا اور صارفین نے گفتگو کرتے ہوئے رمضان بازار کو بہترین اقدام قرار دیا۔ صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی خان نے نارووال کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور سٹالز پر موجود اشیائے خوردونوش کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک محمد ارشد جٹ نے لیہ کے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ سٹالز کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی افسروں اور اہلکاروں کی حاضری کو بھی چیک کیا اور سول ڈیفنس‘ زراعت اور محکمہ محنت کے غیرحاضر نمائندوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیرامداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے ہارون آباد میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور سٹالز پر موجود پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی چیک کی۔ صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے اسلام پورہ لاہور میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیرخوراک نے ماڈل ٹاﺅن لنک روڈ رمضان بازار کے اچانک دورے کے دوران آٹے کے اوزان بھی چیک کئے۔صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے جوہر ٹاﺅن ‘ ماڈل ٹاﺅن اور دیگر بازاروں کے اچانک دورے کئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرسپیشل ایجوکیشن آصف سعید منیس نے ملتان میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور سٹالز کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیرنے یوٹیلٹی سٹور کے سٹالز پر آٹے کے 20کلو تھیلے کا وزن بھی خصوصی طور پر چیک کیا۔ صوبائی وزیراقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے فیصل آباد میں فیضان مدینہ سوساں روڈ رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے اشیائے صرف کے نرخ اور معیار کے بارے میں خصوصی طور پر دریافت کیا۔

وزراءدورے

مزید : صفحہ آخر