نواز شریف اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے ،ہم ملک میں انقلاب لا کر ہی دم لیں گے،ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نوازشر یف اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے ہم اس ملک میں انقلاب لاکر ہی دم لیں گے ‘(ن) لیگ سمیت ہمارے انقلاب کا راستہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ‘انقلاب کا ایجنڈا اس حقیقی نظام جمہوریت کو اس ملک میں لانا ہے مجھے تحر یک انصاف کے سونامی ایجنڈ ے کی سمجھ نہیں آرہی ‘پہلے انقلاب پھر احتساب ہو گا‘ یوم انقلاب20کروڑ عوام کی فتح کا دن ہو گا۔ اپنے ایک انٹر ویو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ مجھ کو ابھی تک تحریک انصاف کی سونامی کا ایجنڈا صحیح سے معلوم نہیں ہے وہ چار حلقوں کی دھاندلی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور وہ الیکشن کمیشن کی انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں مگر جہاں تک انقلاب کے ایجنڈے کی بات وہ بہت کلیئر ہے ‘ انقلاب کا ایجنڈا نہ تو چار حلقوں سے متعلق ہے نہ تو الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے ہے نہ محض انتخابی اصلاحات سے متعلق ہے ۔ انقلاب کا ایجنڈا جزیت پر کلیت پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 65 سال سے چند خاندان جو ملکی وسائل پر قابض ہو کر غریبوں کا خون چوس رہے ہیں‘ جنہوں نے غریبوں کو وسائل سے محروم کر رکھا ہے ، عزت سے محروم کر رکھا ہے ان کے روٹی ، کپڑا ، مکان ، تعلیم اور علاج جیسے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے ‘ اور جانوروں سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ کو بتایا جائے وزیراعلی کے حکم کے بغیر منہاج القر آن میں اتنے بڑے قتل عام کا کوئی حکم دے سکتا ہے؟ وہ وزیراعلی اقتدار پر بیٹھے رہیں تو ان کے ہوتے ہوئے کوئی ماتحت افسر ان کے خلاف گواہی دے سکتا ہے ۔