سید فیاض الدین لیسٹر میں انتقال کر گئے

سید فیاض الدین لیسٹر میں انتقال کر گئے

کراچی/لندن (آئی این پی)روزنامہ پاکستان کے کالم نگاراوراسلامک فاﺅنڈیشن لیسٹر کے سابق ڈائریکٹر بزرگ صحافی سید فیاض الدین علالت کے بعد لیسٹر میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کوآج نماز جنازہ کے بعد لیسٹر میں سپرد خاک کیاجائے گا ‘ سید فیاض الدین نجی خبر رساں ادارے انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان ”آئی این پی“ کے ایڈیٹر انچیف سید آصف صلاح الدین کے چچا تھے۔ مرحوم سید فیاض الدین گزشتہ 30 سال سے لیسٹر میں مقیم تھے انہوں نے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز مارننگ نیوز ڈھاکہ سے کیا۔ وہ مشرقی پاکستان سے جماعت اسلامی کے بنگلہ دےش میں شائع ہونے والے اخبار ”سنگرام“ کے پہلے منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔ سقوط ڈھاکہ سے پہلے وہ کراچی منتقل ہو گئے تھے ۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں روزنامہ جسارت کراچی کے سربراہ بھی رہے۔ سید فیاض الدین سابق سیکرٹری اطلاعات الطاف گوہر کے ساتھ ان کے ادارہ سے بھی وابستہ رہے جس کے بعد وہ کچھ عرصہ عرب نیوز جدہ میں بھی اہم حیثیت سے کام کرتے رہے۔ مرحوم سید فیاض الدین بعد ازاں برطانیہ کے شہر لیسٹر میں اسلامک فاﺅنڈیشن کے ڈائریکٹر کے طور پر وابستہ ہوئے اور ریٹائرمنٹ کے بعد لیسٹر میں ہی رہائش اختیار کر لی تھی۔ کراچی سمیت پورے پاکستان میں مرحوم وسیع حلقہ احباب رکھتے تھے۔ صحافتی ‘ سیاسی اور مذہبی حلقوں نے سید فیاض الدین کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مزید : صفحہ اول