بجلی کے بدترین بحران نے معاملات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں مکمل ٹھپ کر دیں

بجلی کے بدترین بحران نے معاملات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں مکمل ٹھپ کر دیں ...

                  لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں جاری بجلی کے بد ترین بحران نے معاملات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں مکمل ٹھپ کر دیں ۔ بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ کے باعث لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں سے بھی بڑھا دیا گیا ۔ شہروں میں اٹھارہ اٹھارہ گھٹنے اور دیہی علاقوں میں 21 سے بائیس گھٹنے تک کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔ صوبائی دارالحکومت سمیت اکثر شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ آئے لوگ سڑکوں پر نکل آئے ۔ شدید گرمی اور حبس میں بار بار ہونے والی غیر اعلانیہ و طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگ ٹرپتے رہے اور بچے بلبلاتے رہے ۔ لوگوں ساری رات چھتوں ، گلیوں ، سڑکوں اور پارکوں میں گزرنے پر مجبور ہو گئے ۔ خراب ہونے والے ٹرانسفارمز متبادل ٹرانسفارمرز نہ ہونے کے باعث تبدیل نہ ہو سکے جس کے باعث ان علاقوں میں بجلی کی مسلسل بندش کا سلسلہ جاری رہا ، علامہ اقبال ڈویژن کے علاقے اعوان ٹاﺅن میں 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹرانسفارمر ٹھیک نہیں ہو سکا جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا ہے، اعوان ٹاﺅن کے رہائشی محمد افضل شاہ نے بتایا ہے کہ ٹرانسفارمر سوموار کی رات 10 بجے کا خراب ہے اور لیسکو کے متعلقہ دفتر میں ایک سو سے زائد مرتبہ ٹیلی فون کر کے شکایت کی گئی ہے لیکن عملہ تعاون نہیں کر رہا ، شہری نے روزنامہ ”پاکستان“ کے دفتر فون کر کے مزید بتایا کہ اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ شکایات سیل میں شکایت کی ہے تاہم وہاں سے انہیں جواب ملا ہے کہ یہ مسئلہ ہمارے متعلقہ نہیں ۔ صوبائی دارالحکومت میں اسلامیہ پارک ، نیو مزنگ ، وسن پورہ میں بھی لوگوں نے شدید احتجاج کیا ۔ دوسری جانب وسن روڈ گرڈ کا 220 کے وی کا ٹرانسفارمر اوور لوڈ کے باعث خراب ہو گیا جس کے باعث مختلف علاقوں کے سات فیڈرز بند ہو گئے ۔ این ڈی ٹی سی کے مطابق ٹرانسفارمر درست ہونے میں چھ سے اٹھ دن لگیں گے جب تک ان سات فیڈرز والے علاقوں کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جائے گی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 19740 میگا واٹ جبکہ پیداوار 12910 میگا واٹ رہی طلب ورسد میں 6830 میگا واٹ کا فرق رہا ۔ افطار اور اس کے بعد کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف صارفین نے لیسکودفاتر پر دھاوا بول دیا۔بتایا گیاہے کہ گرین ٹاﺅن، ٹاﺅن شپ کے علاقہ میں مشتعل مظاہر ین نے اکبر چوک بلا ک کر کے واپڈا حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔ نشتر کالونی کے قریب میٹرو بس کے روٹ پر بعض افراد نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کر تے ہو ئے میٹر و بس سروس کو رو ک دیا۔

مزید : صفحہ اول