نواز، شہباز شریف این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نہ بیچتے تو بجلی ، گیس کا عذاب نہ ہو تا ،پرویز الی

نواز، شہباز شریف این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نہ بیچتے تو بجلی ، گیس کا عذاب نہ ...

                                           لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز اور شہباز شریف نے تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کے عوام کا سودا کر دیا، جس کے باعث یہاں دیگر صوبوں کی نسبت گیس اور بجلی کا زیادہ بدترین عذاب مسلط ہے اور صوبہ کنگال ہو رہا ہے، شہروں میں روزانہ 18 سے 20 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے اور گیس ہفتہ میں دو دن ملتی ہے جبکہ دیہات میں بجلی آتی ہی نہیں، ٹیوب ویل بند ہیں، فصلیں تباہ اور لوگ بیمار ہو رہے ہیں، حالات تیزی سے اجتماعی احتجاج کی طرف جا رہے ہیں جس میں ہر طبقہ کے لوگ شامل ہوں گے، جھوٹ کی فیکٹریاں لگانے اور باتیں بنانے والے فیصل آباد میں ن لیگ والوں کے احتجاجی اشتہار دیکھیں جن کی فیکٹریاں بند اور چولہے ٹھنڈے ہیں، حکمرانوں کے معافی مانگنے پر عوام کہتے ہیں کہ آپ ہمیں معاف کر دیں اور ہماری جان چھوڑیں۔ وہ منگل کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور چودھری ظہیر الدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں آج بجلی اور گیس کا جو بحران ہے یہ ان کا اپنا پیدا کردہ ہے اگر یہ این ایف سی ایوارڈ میں آبادی کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم کا آئینی فارمولا تبدیل نہ کرتے تو آج پنجاب کا یہ حال نہ ہوتا، اس تبدیلی کیلئے میں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ہر قسم کا دباﺅمسترد کر دیا تھااور یہ شرط رکھی تھی کہ باقی وزیراعلیٰ کالا باغ ڈیم کا افتتاح کر دیں تو پنجاب بھی پیداواری صوبہ کو زیادہ حصہ دینے کا رائٹ ایٹ سورس کا فارمولا تسلیم کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ہمارے دور میں صرف 4 سے 5 روپے فی یونٹ تھی آج 14 سے 16 روپے فی یونٹ ہے، ہمارے دور میں تو لوڈشیڈنگ تھی ہی نہیں بلکہ ایسی بدترین لوڈشیڈنگ تو پیپلزپارٹی کے دور میں بھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی نہ آنے سے لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا اور سحر و افطار میں گرمی سے تڑپتے بچے، خواتین، بوڑھے، جوان سب حکومت سے نجات کی دعا مانگتے ہیں لیکن نواز شریف کا گذشتہ روز لوڈشیڈنگ پر نوٹس لینے کا بیان شائع ہوا ہے، چلو ان کو پتہ تو چل گیا کہ عوام کس عذاب سے دوچار ہیں، ان کے بھائی شہباز شریف کو بھی اپنے گھر کے قریب 100 افراد کو گولیاں مارنے کا بھی پتہ نہیں چلتا، یہ کیسے حکمران ہیں۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور گڈانی کول پاور پلانٹ کے نام پر بھی دھوکہ دے رہے ہیں، یہ جلد شروع ہی نہیں ہو سکتے، ساہیوال کوئلہ پہنچانے کیلئے ٹریک بچھانے کیلئے اربوں روپے درکار ہوں گے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ دوسرے صوبوں میں وعدے کرنے سے پہلے شہباز شریف اپنے صوبہ میں تو وعدے پورے کریں، شمالی وزیرستان میں ہسپتال اور یونیورسٹی بنانے کا اعلان تو کر دیا لیکن وہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال چالو نہیں کرتے جبکہ بلوچستان میں کارڈیالوجی ہسپتال اور یونیورسٹی کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ آصف زرداری کے حالیہ بیان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے انہوں نے عوامی مسائل کا احساس کرتے ہوئے اس پر بات کی ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان کے لانگ مارچ اور طاہر القادری کے انقلاب مارچ کی تاریخ ایک ہو جائے

پرویز الٰہی

مزید : صفحہ آخر