جاپان میں رولانے والی نوٹ بک متعارف کروا دی گئی

جاپان میں رولانے والی نوٹ بک متعارف کروا دی گئی
جاپان میں رولانے والی نوٹ بک متعارف کروا دی گئی

  

ٹوکیو (نیوز ڈیسک) ہم روز مرہ زندگی میں اہم باتوں کو نوٹ کرنے کیلئے نوٹ بک کا استعمال بکثرت کرتے ہیں اور اس استعمال کے دوران ہم کبھی بھی روتے نہیں ہیں کیونکہ ظاہر ہے کہ اس میں رونے کی کوئی بات ہے بھی نہیں۔ لیکن جاپان میں ایک ایسی نوٹ بک ایجاد ہوچکی ہے کہ جس میں لکھتے ہوئے لوگ روئے بغیر رہ ہی نہیں سکتے۔ اسے بنانے والی کمپنی نے اپنے دعوے کے ثبوت کے طور پر مختلف لوگوں کو اس نوٹ بک میں کوئی بھی بات تحریر کرنے کو کہا۔ ایک خاتون نے لکھا کہ ”حلوہ فرج میں پڑا ہے“ اور اس کی آنکھوں سے آنسو ٹپکنے لگا، اسی طرح ایک مرد نے لکھا کہ ”نیویارک ایک بڑا شہر ہے“ اور وہ بھی آنسو ٹپکائے بغیر نہ رہ سکا۔ آپ یقیناً سوچ رہے ہوں گے کہ یہ باتیں تو اتنی جذباتی نوعیت کی نہیں ہیں کہ انسان رونے لگے۔ تو جناب اس نوٹ بک میں آپ چاہے کوئی لطیفہ ہی لکھیں آپ کو آنسو ضرور بہانے پڑیں گے کیونکہ اس کے صفحات کو الائل پروپائل مرکبات ملا کر تیار کیا گیا ہے۔ یہ وہی مرکبات ہیں جو پیاز کاٹتے ہوئے اس میں سے خارج ہوتے ہیں اور ہمیں آنسو بہانے پر مجبور کرتے ہیں۔ میگنس فیریس نامی کمپنی نے اس نوٹ بک کو خصوصی طور پر پیاز کے مرکبات ملا کر تیار کیا ہے اور جب اس کے صفحات پر لکھا جاتا ہے تو قلم کی رگڑ سے پیدا ہونے والی حرارت کی وجہ سے یہ مرکبات بخارات میں تبدیل ہوکر آنکھوں میں آنسو لے آتے ہیں۔ ”انین نوٹ“ نامی اس دلچسپ نوٹ بک کی قیمت کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر