شمالی وزیر ستان : امریکی ڈرون حملے میں20افراد ما رے گئے ،تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی حملے کی مذمت

شمالی وزیر ستان : امریکی ڈرون حملے میں20افراد ما رے گئے ،تحریک انصاف اور جماعت ...
شمالی وزیر ستان : امریکی ڈرون حملے میں20افراد ما رے گئے ،تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی حملے کی مذمت

  

شمالی وزیرستان(ما نیٹرنگ ڈیسک ) تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے میں20 افرادجاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے ہیں ، ادھر تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ڈرون نے بدھ کی صبح پاک افغان سرحد پر تحصیل دتہ خیل کے علاقے میں ایک گھر اور گاڑی پر چار میزائل داغے  جس کے نتیجے میں20 افراد ما رے گئے جبکہ 5 زخمی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیاجا رہا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق حملے کے بعد بھی علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں کی پرواز جاری رہیں جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے شمالی وزیر ستان میں امریکی ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ جا سوس طیاروں کے حملے حکومت کی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں ،حکومت ملکی خودمختاری کا دفاع کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ، حکومت کو یہ معاملہ فوری طور پر امریکہ کے سامنے اٹھا نا چاہیئے ۔ ادھر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اگر ڈرون حملے حکومت کی مرضی سے نہیں ہو رہے ہیں تو وفاق اپنی پوزیشن واضح کرے ۔

مزید : وزیرستان /Headlines