فیفا ورلڈ کپ 2030 ءیوراگوائے میں ہونے کا امکان ، بر طانیہ کو پریشانی لاحق
لندن (ما نیٹرنگ ڈیسک )فیفا ورلڈ کپ کے آئندہ ایونٹس بالترتیب روس ، قطر اور امریکا میں ہوں گے جبکہ 2030ءکا عالمی کپ انگلینڈ اپنے ہاں کرانے کا خواہش مند تھا مگر ایسا ہوتا نظر نہیں آرہااورفٹبال ورلڈ کپ 2030ءکی میزبانی یوروگوائے کو ملنے کے امکانات ہیں۔تفصیلات کے مطا بق 2018 ءکا عالمی کپ روس، 2022ءکا ورلڈ کپ قطر اور 2026 ءکا عالمی کپ امریکا میں ہونا ہے ، 2030ءکے عالمی کپ کی میزبانی کے لئے انگلینڈ کوششیں کر رہا تھا تا ہم ایسی اطلاعات بھی موجود ہیں کہ یوروگوائے بھی اس کے لئے سرگرم ہے اور حالیہ عالمی کپ میں اس کے سٹرائیکر سواریز کے اطالوی کھلاڑی کو کاٹنے کے واقعہ کے باوجود فیفا اس میزبانی کو جنوبی امریکا کے ملک یوروگوائے کی جھولی میں ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے جس سے انگلینڈ میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق فیفا کا خیال ہے کہ یوروگوائے میں تقریباً ایک صدی سے فٹبال ورلڈ کپ نہیں کرایا جا سکا ہے حالانکہ وہ دو مرتبہ عالمی کپ بھی جیت چکا ہے جن میں 1930 ءکا افتتاحی کپ بھی شامل ہے۔ انگلینڈ کے مقابلے میں اگرچہ یوروگوائے ایک چھوٹا سا صرف 33 لاکھ نفوس پر مشتمل ملک ہے تا ہم فیفا کے ارادوں کو بھانپتے ہوئے انگلینڈ میں یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر ارجنٹائن نے بھی اس سال اپنے ہاں اس عالمی کپ کا انعقاد کرانے کی درخواست دے دی تو انگلینڈ کے لئے امکانات مزید کم ہو جائیں گے، ہالینڈ بھی ایسا ملک ہے جہاں ابھی تک فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنلز نہیں ہو پائے جبکہ تیزی سے ابھرنے والی عالمی معاشی طاقت چین کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا اور فیفا کے مطابق چین ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ، معاشی طور پر وہاں عالمی کپ کافی منافع بخش ہو سکتا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ہر صورت میں انگلینڈ کے امکانات معدوم ہی ہو رہے ہیں۔