یوم آزادی پر ملک میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ڈالر پر استعفے کی باتیں کرنیوالے اب مکر گئے: وزیراعظم نواز شریف

یوم آزادی پر ملک میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ڈالر پر ...
یوم آزادی پر ملک میں افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،ڈالر پر استعفے کی باتیں کرنیوالے اب مکر گئے: وزیراعظم نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چکوال(ما نیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ 14 اگست کو ملک میں افراتفری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، مسائل ورثے میں ملے تاہم آئندہ 4 سال میں ملک میں خوشحالی لے کر آئیں گے، ڈالر کی قیمت کم ہو گئی لیکن استعفے کی باتیں کرنے والے مکر گئے ، ماضی میں لوڈ شیڈنگ آج سے بھی بد ترین تھی ، کسی نے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا ، مسائل حل کرنے میں وقت لگے گا۔چکوال میں مندرہ چکوال اور سوہاوہ چکوال سڑکوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 130 کلو میٹر طویل شاہراہوں کی ساڑھے 8 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر نو کی جائے گی،فرض سے غافل نہیں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے ترقی کی پہلی اینٹ رکھ دی اور آئندہ 4 سال میں خوشحالی لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر نیچے آیا جبکہ دنیا ہمیں معاشی ترقی پر مبارکباد دے رہی ہے لیکن حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے اپنی بات سے مکر گئے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ 2 دہائیوں سے ہے جس کے خاتمے کے لئے وقت لگے گا جبکہ آج ہونے والی لوڈشیڈنگ 2010 ءاور2011ءکے مقابلے میں کم ہے، ملکی تاریخ میں اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے کبھی ایسے اقدامات نہیں کئے گئے لیکن آج اس مسئلہ پر سنجیدگی سے کام ہورہا ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں بجلی کے بڑے منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت ہر قسم کے جرائم سے پاک کیا جائے گا اور حکومت ترقی کا پہیہ تیزی سے چلانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں حب الوطنی اور محنت کرنے کا جذبہ ہے اور انشا اللہ اسی جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو جنت بنائیں گے،حکومت ملکی ترقی کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے ، اسلام آباد سے مظفر آباد تک ریل کا منصوبہ بنا چکے ، موٹر وے کو کراچی لے جانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔