دورہ سری لنکا:ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرکٹرز کل رپورٹ کرینگے
لاہور(ما نیٹر نگ ڈیسک )دورہ سری لنکا کی تیاری کے لئے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرکٹرز کل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے،سعید اجمل اور جنید خان چند روز کی تاخیر سے کیمپ میں شامل ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کا آغاز جمعہ سے کریں گے، ٹریننگ کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کو کل لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کرنا ہے، کیمپ کے شیڈول کا اعلان کیا جا چکاہے۔ 18 سے 21 جولائی تک کیمپ میں دو سیشن میں ٹریننگ ہو گی جبکہ ایک دن آرام کے بعد تین روزہ پریکٹس میچ 23 سے 25 جولائی تک کھیلا جا ئے گا۔ کیمپ کا اختتام 26 جولائی کو ہو گا۔ آف سپنر سعید اجمل وورسٹر شائر جبکہ فاسٹ باولر جنید خان لنکا شائر کی جانب سے ان دنوں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں اوردونوں کھلاڑی تین ، چار روز تاخیر سے کیمپ میں شامل ہوں گے، اس سلسلے میں انہوں نے بورڈ کو مطلع کر دیا ہے۔