چیچہ وطنی: سابق ناظم، سپیکر پنجاب اسمبلی کے قریبی عزیز راﺅ مشکور قتل

چیچہ وطنی: سابق ناظم، سپیکر پنجاب اسمبلی کے قریبی عزیز راﺅ مشکور قتل
چیچہ وطنی: سابق ناظم، سپیکر پنجاب اسمبلی کے قریبی عزیز راﺅ مشکور قتل

  

چیچہ وطنی+ لاہور (ویب ڈیسک) موٹر سائیکل سواروں کی اندھا دھند فائرنگ سے سابق یوسی ناظم راﺅ مشکور احمد جاں بحق ہوگئے، مقتول سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں کے قریبی عزیز اور مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے رانا محمد حیات خاں کے بہنوئی تھے، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ راﺅ مشکور احمد پیر جی درس روڈ بلاک نمبر10 میں واقع اپنی رہائش گاہ کے باہر چارپائی پر بیٹھے ہوئے تھے کہ موٹرسائیکل پر سوار ملزمان اچانک نمودار ہوئے جنہوں نے قریب آکر فائرنگ کر دی، اندھا دھند فائرنگ سے راﺅ مشکور کے جسم کے مختلف حصوں منہ، سینے، ٹانگ اور بازو پر 6 گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں تحصیل ہسپتال سے طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ مقتول راﺅ مشکور احمد سینئر سیاستدان تھے جو گاﺅں 164، نائن ایل کے زمیندار اورحلقہ کے یوسی ناظم بھی رہے اور دو بار ضلع کونسل ساہیوال کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ وہ سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کے قریبی عزیز اور مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے رانا محمد حیات کے بہنوئی تھے۔ پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی۔ جائے واردات سے گولیوں کے10خول برآمد ہوئے ہیں جو پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لئے ہیں۔ علاوہ ازیں مقتول راﺅ مشکور کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاﺅں 164/9-L میں ادا کی گئی جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، رانا سکندر حیات خاں، رانا محمد اسحاق خاں، رائے حسن نواز خاں، چودھری وحید اصغر ڈوگر کے علاوہ معززین علاقہ کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے راﺅ مشکور کے قتل کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مقتول کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مزید :

ساہیوال -