مہنگائی کنٹرول کرنے کے حکو متی دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے،سعدیہ سہیل رانا
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے تمام حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے رمضان مبارک کے نام پر شروع ہونے والا مہنگائی کا سلسلہ عید کے قریب بدترین مہنگائی میں تبدیل ہو چکا ہے مسلم لیگ ن کی حکومت نے ملک کے تمام سرکاری محکموں کو کرپشن کی انتہا تک پہنچا دیا ہے کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے
، کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران غریبوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کی بجائے شہ خرچیوں میں مصروف ہیں۔ تحریک انصاف عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی اور عوام کے مسائل حل ہونے تک اپنی پرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹے نکلے، شہروں میں گیارہ گیارہ اور دیہاتوں میں اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔