قرآن پر گامزن ہوئے بغیر ہم کامیابی حاصل نہیں کر سکتے،شہریار سلطان
لاہور(خبر نگار خصوصی)اُمّت مسلمہ کی عظمت و سربلندی ، عزت ووقار ، دین ودنیا میں کامیابی اور آخرت میں سرخروئی صرف اور صرف قرآن اور صاحبِ قرآن ﷺ کے ساتھ مضبوط وابستگی میں پنہاں ہے۔قرآن کریم اُمتِ مسلمہ کا وہ عظیم سرمایہ ہے جس سے قیامت تک ہدایت اور راہنمائی کے سرچشمے پھوٹتے رہیں گے۔ان خیالات کااظہار داتا دربار لاہور میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب محمد شہر یار سلطان اور ڈائریکٹرجنر ل اوقا ف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم دستور ہدایت ، کتاب زندگی اور آئین فلاح وکامیابی ہے، جس پر گامزن ہوئے بغیر ہم عروج اور کمال حاصل نہیں کر سکتے ۔ خطیب مسجد مفتی محمد رمضان سیالوی نے کہا کہ ختم قرآن کی تقریبات اور محافل شبینہ کی عظیم روایت محکمہ اوقاف کے تابندہ کارناموں میں سے ایک ہے۔ جس کے سبب عامۃ المسلمین قرآن پڑھنے اور سننے اور سمجھنے کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔دریں اثناء محکمہ اوقاف ومذہبی امور کے زیراہتمام صوبائی صدر مقام لاہور میں تاریخی بادشاہی مسجد اور داتا دربار کے علاوہ دربار حضرت میاں میر ، جامع مسجد وزیر خان ،پیر مکی ، مسلم مسجداور جامع مسجد نیلا گنبد سمیت صوبہ بھر میں محافل شبینہ بھی جاری ہیں جن کا اختتام انتیسویں شبِ مبارکہ کو ہوگا۔